حیات قدسی

by Other Authors

Page 341 of 688

حیات قدسی — Page 341

۳۴۱ میرے ان جوابات کے بعد پنڈت کالی چرن صاحب نے صرف یہ کہا کہ مولوی غلام رسول صاحب نے جو تشریح روح کے متعلق آیت سے پیش کی ہے۔اور روح کے مخلوق اور حادث ہونے کا ثبوت دیا ہے۔یہ استدلال نیا ہے۔پہلی تفاسیر میں اس کے متعلق کچھ نہیں لکھا گیا۔میں نے کہا کہ تفسیر کبیر امام رازی کے متعلقہ مقام کو نکال کر دیکھو۔اس میں صاف طور پر لکھا ہے کہ یہ آیت براہمہ ہند کے عقیدہ قدامت روح کی تردید کرتی ہے۔یہ سن کر پنڈت صاحب خاموش ہو گئے۔ابھی مناظرہ کا وقت کسی قدر باقی تھا کہ صدر جلسہ جو آریہ تھے انہوں نے یہ محسوس کرتے ہوئے کہ کہ پنڈت صاحب نہ تو ویدوں سے کچھ پیش کر سکے ہیں اور نہ ہی قرآنی تعلیم پر کچھ اعتراض کر سکے ہیں۔اپنی گھڑی نکالی اور کہا کہ اگر چہ وقت ابھی باقی ہے۔لیکن چونکہ مجھے ایک ضروری کام ہے اور مناظروں سے چنداں فائدہ بھی نہیں ہوتا۔بلکہ بدمزگی پیدا ہوتی ہے اس لئے جس قدر بحث ہو چکی ہے۔اسی کو کافی سمجھتا ہوں۔میں نے عرض کیا کہ بحث میں اب تک کوئی بدمزگی نہیں ہوئی۔نہایت شرافت اور متانت سے تقریریں ہوئی ہیں۔اگر ہو سکے تو آپ اپنی صدارت کے فرائض بقیہ وقت تک بھی سرانجام دیں۔ورنہ کسی اور کو اپنی جگہ مقرر کر دیں لیکن صدر صاحب رضا مند نہ ہوئے اور اٹھ کر چلے گئے۔مسلمانوں کو یہ امید نہ تھی کہ پنڈت کالی چرن صاحب کے سوالوں کا مسکت جواب ایک احمدی کی طرف سے دیا جائے گا۔مناظرہ کے اختتام پر بعض غیر احمدی علماء ملے۔جنہوں نے آیت کو زیر بحث کی تشریح سننے پر بہت ہی خوشی کا اظہار کیا۔ایک عجیب لطیفہ جب میں آریہ سماج کے پنڈال سے مع اپنے احباب کے باہر نکلا تو دروازہ کے باہر بعض پادری صاحبان ملے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بڑے پادری صاحب آپ سے کچھ گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔میں نے بڑے پادری صاحب سے دریافت کیا کہ فرمائیے۔کس موضوع پر آپ گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔کہنے لگے۔کہ آیت يَسْئَلُونَكَ عَنِ الرُّوح کے متعلق کچھ دریافت کرنا چاہتا ہوں۔خدائے ذوالعجائب کے یہ عجیب تصرفات ہیں کہ جس وقت پادری صاحب نے یہ آیت پڑھی تو اسی وقت ایک عجیب نور معرفت میرے قلب پر نازل ہوا اور ایک نئی حقیقت کا انکشاف ہوا۔