حیات قدسی

by Other Authors

Page 119 of 688

حیات قدسی — Page 119

119 صاحب موصوف مجھے تنہائی میں لے گئے اور اس خواب کا ذکر کرتے ہوئے کہنے لگے میں آپ سے ایک بات کرنا چاہتا ہوں مگر شرط یہ ہے کہ آپ اسے ضرور قبول کریں۔میں نے کہا آپ فرمایئے اگر وہ ماننے کے قابل ہوئی تو میں کیوں نہ مانوں گا۔تب انہوں نے بتایا کہ میری ایک چھوٹی ہمشیرہ ہے جس کی عمر بھی چودہ پندرہ سال کی ہے۔اس کے لئے ہمارے پاس رشتے تو بہت آتے ہیں مگر میں اس خواب کی بناء پر اب یہی چاہتا ہوں کہ اس رشتہ کو آپ قبول کر لیں۔میں نے یہ بات سن کر ان کے سامنے عذرات تو بہت کئے مگر انہوں نے اس خواب کی بناء پر پھر اصرار کیا۔چنانچہ میں نے جب اس رشتہ کے متعلق استخارہ کیا تو میں نے خواب میں قاضی ظہور الدین صاحب اکمل کو دیکھا جس کی تفہیم مجھے یہ ہوئی کہ یہ رشتہ میرے ذریعہ اس علاقہ میں دین کے کامل ظہور کا موجب ہوگا۔چنانچہ اس کو کے بعد میں نے اس رشتہ کو قبول کر لیا۔اور پھر مجھے ان خوابوں کی تعبیر بھی سمجھ آگئی کہ دریا کے پار شادی ہونے کا مطلب کچھ اور نہیں تھا بلکہ یہی تھا جو مقدر ہو چکا ہے۔بعد ازاں جب میں اپنے وطن واپس آیا تو معلوم ہوا کہ یہاں بھی میرے رشتہ کے متعلق کئی لوگوں کی طرف سے پیغام پہنچے ہوئے ہیں۔مگر اب میں نے اپنے بزرگوں سے یہی کہا کہ جفُ القَلَمُ بما هو كائن یعنی جہاں میرا رشتہ ہونا مقدر تھا ہو گیا ہے۔اب آپ لوگ کوئی فکر نہ کریں۔چنانچہ اس کے بعد میری شادی حضرت مولوی جلال الدین صاحب کی چھوٹی صاحبزادی عزیز بخت صاحبہ سے ہو گئی اور جس طرح میں اکثر خوابوں میں دیکھا کرتا تھا میری دریا کے پار شادی ہوئی ہے اور میری برات بھی میرے ساتھ آئی ہے ویسے ہی ظہور میں آیا۔ایک عجیب اتفاق خدا تعالیٰ کی حکمت ہے کہ جب میرا تولد ہوا تو اس وقت میری والدہ ماجدہ نے خواب میں دیکھا کہ ہمارے گھر میں ایک ایسا چراغ روشن ہوا ہے جس کی روشنی سے ہمارا سارا گھر جگمگا اٹھا ہے۔پھر جب میری شادی ہونے لگی تو حکیم محمد حیات صاحب نے خواب میں دیکھا کہ ان کے گھر میں اچانک ایک بہت بڑا چراغ روشن ہوا ہے جس کا نام غلام رسول ہے۔