حدیقۃ الصالحین — Page 2
2 جاتے۔ایسا انتخاب صرف معلمین کو تعلیم دینے کے لیے ہی درکار نہ تھا بلکہ ضرورت تھی کہ معلمین آئندہ دیہاتی عوام کی تعلیم و تربیت کے دوران اسی مجموعہ کو استعمال کریں۔ان امور کو مد نظر رکھتے ہوئے جب کتب احادیث پر نظر دوڑائی گئی تو نظر انتخاب ریاض الصالحین“ پر جا ٹھہری جو اپنی نوع کی تمام دوسری کتب میں ایک امتیازی شان رکھتی ہے لیکن اس غرض سے اسے اختیار کرنے کی راہ میں یہ مشکل حائل تھی کہ یہ ایک ضخیم کتاب ہے جو ایک سال کی قلیل مدت میں بطور تعلیمی نصاب ختم نہیں کروائی جاسکتی تھی نیز اس میں احادیث کی تکرار بھی پائی جاتی ہے، حجم اور قیمت کے اعتبار سے بھی دیہات میں اس کی کثیر اشاعت ممکن نظر نہیں آتی تھی۔علاوہ ازیں علم کلام سے تعلق رکھنے والی بہت سی احادیث جن کی فی زمانہ ضرورت پیش آتی ہے اس مجموعہ میں مفقود تھیں چنانچہ ان دقتوں کے پیش نظر بعد مشورہ یہ طے پایا کہ "ریاض الصالحین" کی نسیج پر ایک نئی کتاب تالیف کی جائے جو کم و بیش پانچ چھ صد احادیث پر مشتمل ہو اور گو زیادہ تر انتخاب ریاض الصالحین سے ہی ہو لیکن حسب ضرورت دیگر کتب احادیث سے بھی براہ راست استفادہ کیا جائے۔مجھے یہ بیان کرتے ہوئے دلی مسرت ہوتی ہے کہ استاذی المکرم جناب ملک سیف الرحمان صاحب مفتی سلسلہ احمدیہ نے اس نہایت اہم کام کی ذمہ داری قبول کرنا منظور فرمالیا۔اور ایک لمبا عرصہ بڑی محنت اور کاوش سے مطلوبہ انتخاب تیار فرمایا۔جہاں تک محترم ملک صاحب کی قابلیت اور وسعت علم کا تعلق ہے میرا یہ مقام نہیں اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے کہ اس بارہ میں کچھ بیان کروں۔یہ انتخاب خود آپ کے اعلیٰ مذاق اور علمی تنجر پر گواہی دے گا۔البتہ نامناسب نہ ہو گا کہ تعارف کے رنگ میں انتخاب کے بعض قابل ذکر پہلوؤں کی نشان دہی کر دی جائے، اس سلسلہ میں مندرجہ ذیل امور قارئین کی خدمت میں پیش ہیں۔۔1 منتخب احادیث کی کل تعداد 611 ہے جن میں سے تقریباً 450 ریاض الصالحین سے اخذ کی گئی ہیں اور بقیہ دیگر کتب احادیث مثلاً صحیح بخاری ، صحیح مسلم، ترمذی، مسند احمد ، دار قطنی ، کنز العمال وغیرہ سے براہ راست لی گئی ہیں۔