انوارالعلوم (جلد 6) — Page 516
چوتھا معجزہ :تغیرات فضائی کے متعلق چوتھی مثال آپؑ کے معجزات میں سے تغیرات فضائی کے متعلق ہم پیش کرتے ہیں۔جب آپ کی تکذیب بہت بڑھ گئی تو آپ نے دُعا کی کہ اللہ تعالیٰ شریروں اور سرکشوں کے لئے طاعون نازل کرے تا مسیح اوّل کی پیشگوئی بھی پوری ہوکر لوگوں کے لئے حجت ہوا اور لوگوں کے دلوں میں خوف خدا بھی پیدا ہوا اور اس دُعا کو شائع بھی کردیا۔پھر آپ نے ایک کتاب نو ر الحق میں شائع کیا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے بتایا ہے کہ سُورج اور چاند کے گرہن کے نشان کے بعد بھی اگر لوگ توجہ نہیں کریں گے تو سخت عذاب نازل ہوگا اورپھر یہ خبر دی کہ تمام پنجاب میں گاؤں گاؤ ں اور شہر شہر وبا پڑے گی اور ان خوابوں اور الہاموں کو کتابوں اور اخباروں میں شائع کرادیا اس کے بعد ہندوستان اور پنجاب میں وہ سخت طاعون پڑی کہ اس سے تیس لاکھ کے قریب آدمی ابتک مر چکا ہے۔یہ ایک زبردست نشان ہے کیونکہ کسی انسانی طاقت میں نہیں ہے کہ اس طرح فضا میں تغیرات پیدا کردے جس سے وبا کے جراثیم میں جوش پیدا ہوجائے اور ملک کا ملک ان کے اثر کو قبول کرنے کے لئے تیار ہوجائے۔تمام ہندوستان اس وبا کے اثر اور نشانات کو ظاہر کر رہا ہے اور تباہ خاندان اور اُجڑے ہوئے گھر اس امر پر شہادت دے رہے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فرستادوں کا انکار ایک خطرناک بات ہوتی ہے جس کو اللہ تعالیٰ باوجود رحیم کریم ہونے کے برداشت نہیں کرسکتا کوینکہ اگر وہ اس بات کو برداشت کرے تو لوگ ہمیشہ کی زندگی سے محروم رہ جائیں اور شرارت میں بڑھتے جائیں۔پانچواں معجزہ پہلی قسم کے معجزات کی ایک اور مثال بھی مَیں پیش کردینی مناسب سمجھتا ہوں کیونکہ وہ بہ سبب تازہ ہونے کے زیادہ اہم ہے اور اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے ما ٔموروں کی صداقت ثابت کرنے کے لئے کئی وبائیں بھی پیدا کر دیتا ہے۔آج سے بیس پچیس سال پہلے آپ نے یہ اعلان کیا تھا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ کئی قسم کی بیماریاں پھیلیں گی اور جانیں ضائع ہوں گی پھر آپ نے خبر دی کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ خدا کا وعدہ ہے کہ ایک نئی وبا بھی جس سے اس ملک کے لوگ ناواقف ہیں اس ملک میں پھیل جائے گی اور انسان حیرت میں پڑیں گے کہ کیا ہونا چاہتا ہے؟ اوریہ کہ ایک سخت اور خوفناک قسم کی طاعون ظاہر ہونے والی