انوارالعلوم (جلد  12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 107 of 656

انوارالعلوم (جلد  12) — Page 107

۱۰۶ کہ کشمیر کے لئے علیحدہ وزارت ہو جو براہ راست مہاراجہ صاحب کے ساتھ کام کرے اور اس میں کشمیر کی آبادی کے لحاظ سے مسلمان وزراء لئے جائیں- چندہ جمع کیا جائے ۱۵ - چونکہ کشمیر میں سخت ظلم ہو رہا ہے اور مسلمان بے بس ہیں اور کشمیر کے حالات سے انگریزی حکومت کو واقف کرنا اور مہذب دنیا کو ان حالات سے آگاہ کرنا از بس ضروری ہے ان سب امور کے لئے نہایت کثیر رقم کی ضرورت ہے اس لئے اس دن جلسوں میں خاص طور پر اس غرض کے لئے چندہ جمع کیا جائے- اس رقم کا ایک حصہ جموں کے مسلمانوں کی امداد کے لئے‘ ایک حصہ کشمیر کے مسلمانوں کی امداد کے لئے اور ایک حصہ ہندوستان اور بیرون ہند کے پراپیگنڈا کے لئے خرچ کیا جائے گا- مسلمانوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ اگر وہ اپنے تیس لاکھ بھائیوں کو غلامی سے بچانا چاہتے ہیں تو انہیں بہت سی قربانی کرنی پڑے گی- مونہہ کی ہمدردی سے کشمیر کے مسلمانوں کی تکالیف دور نہیں ہو سکتیں- پس اگر سچی ہمدردی ہے تو اس کے مطابق قربانی کریں اور اس امر کو مدنظر رکھیں کہ یہ جنگ چند دن کی نہیں- ممکن ہے کہ ایک دو ماہ میں ہی فیصلہ ہو جائے اور ممکن ہے سالوں تک اس کے لئے جدوجہد کرنی پڑے- پس ہمت کر کے اس طرف قدم اٹھائیں تا کہ دنیا معلوم کر لے کہ مسلمان پر بے استقلالی کا الزام غلط ہے- ایسی تمام رقوم مسلم بنک لاہور میں آل انڈیا کشمیر کمیٹی کے نام پر بھجوانی چاہئیں- مسلمان انشاء اللہ کامیاب ہونگے برادران! میں نے اس مقصد کے حصول کے لئے ہندوستان اور ہندوستان کے باہر اپنی کوشش شروع کر دی ہے اور خدا تعالیٰ کے فضل سے چند دن کی جدوجہد کے بعد ہی بعض ایسے حلقوں میں دلچسپی اور ہمدردی پیدا ہو گئی ہے جہاں سے اس قسم کی کوئی امید نہ تھی- اگر مسلمان جوش سے اور استقلال سے کام لیں تو میں یقین رکھتا ہوں کہ باوجود اس کے کہ کام مشکل اور منزل دور ہے‘ ہم انشاء اللہ کامیاب ہونگے اور کشمیر کے تیس لاکھ مسلمانوں اور ان کی اولادوں اور اولادوں کی اولادوں کی دعائیں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گی- کسی کا ایک بھائی غلام ہو تو وہ صبر نہیں کر سکتا کیا آپ لوگ تیس لاکھ بھائیوں کی غلامی کے باوجود خوشی کی زندگی بسر کر سکتے ہیں؟ میرا دل کہتا ہے کہ ہر گز نہیں- میں امید بھرے دل کے ساتھ آپ کو آپ کے فرض کی طرف توجہ دلاتا ہوں اور یقین رکھتا ہوں کہ خدا تعالیٰ کے فضل سے ۱۴- اگست کو تمام ہندوستان کے