اصحاب احمد (جلد 9)

by Other Authors

Page 13 of 485

اصحاب احمد (جلد 9) — Page 13

۱۳ یہ پنجگانہ امور اپنی مجمل سی کیفیت کے ساتھ میرے دل پر اثر انداز ہوئے اور اس واقعہ نے میرے ایمان میں ترقی و تازگی اور روحانیت میں اضافہ کر دیا۔اور میں بھی مہدی آخر الزمان کو پانے کے لئے بیتاب ہونے لگا۔جس کے حصول کے لئے مجھے دعاؤں کی عادت ہو گئی۔میں راتوں کو بھی جاگتا اور دن میں بھی بے قرار رہتا اور مہدی آخرالزمان کی تلاش کا خیال بعض اوقات ایسا غلبہ پاتا کہ باوجود کم سنی کے میں دیوانہ وار ان بھیا نک کھنڈرات میں نکل جایا کرتا اور پکار پکار کر اور بعض اوقات رورو کر بھی اللہ تعالیٰ کے حضور اس مقدس وجود کے پانے کے لئے التجائیں کیا کرتا تھا۔ان واقعات کو سننے یا پڑھنے والے تو تعجب کریں گے ہی مگر میں خود بھی اپنے ان حالات کو سامنے رکھ کر بے حد متعجب ہوا کرتا ہوں اور حقیقت یہی ہے کہ وہ حالات تھے بھی حیرت ناک اور تعجب انگیز اور ان میں دیوانگی اور جنون کا رنگ پایا جاتا تھا۔میں مجلسی زندگی سے متنفر اور تنہائی پسند ہو گیا اور آبادی کی نسبت جنگل اور ویرا نے مجھے بھانے لگے اور اسی میں میری راحت، خوشی اور سارا سامان سرور ہوا کرتا تھا۔میں کھیل کود کا مشتاق تھا۔میرا بدن چھریرا مگر مضبوط تھا۔سکول کے جمناسٹک ماسٹر جسمانی ورزش کے کرتبوں دوڑ بھاند اور کرکٹ کی وجہ سے خوش تھے۔مگر یہ ساری باتیں ایک عرصہ کے لئے مجھ سے جدا ہو گئیں اور مجھے کسی چیز سے سوائے تنہائی میں دعا کے دلچسپی باقی ہی نہ رہ گئی۔اور یہ سب کچھ محض اللہ تعالیٰ نے میری خواہش بلکہ علم کے بھی بغیر میرے سینہ و دل پر ایمان کا بیج بویا۔شگوفہ نکالا۔اور اس کی آبیاری فرما کر پودا بنا دیا۔اسی طرح غیب ہی سے اس نے خود سارے سامان اس کی حفاظت و ترقی کے بھی جمع فرما دیئے۔مجھ سے اگر کوئی دلیل کا طالب ہوتا تو میں نفی میں جواب دیتا۔اور صرف یہ بتا سکتا کہ میرے دل میں ان صداقتوں کا آفتاب اور ماہتاب کے وجود کی طرح یقین ہے۔اس کے سوا کوئی دلیل نہ تھی کیونکہ میں نے اس نور کو کسی دلیل سے حاصل نہ کیا تھا۔بلکہ خود خدا نے مجھے وہ نور دیا تھا۔ایک نئے دور کا آغاز اور نقل مکانی بوجہ افشائے راز یہ سلسلہ کم و پیش جاری ہی تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ڈاکٹر سید میر حیدر صاحب کو چونیاں میں پہنچا دیا۔جو مکرم سید امجد علی شاہ صاحب سیالکوٹی ( خلف حضرت سید فصیلت علی شاہ صاحب) نے خاکسار مؤلف کے استفسار پر مکرم سید نذیر حیدر صاحب سے دریافت کر کے تحریر فرمایا ہے کہ ڈاکٹر حیدر صاحب حضرت حکیم میر حسام الدین صاحب سیالکوٹی کے پھوپھی زاد بھائی تھے۔طلبہ ککے زئیاں میں ان کا مکان ہے۔