اصحاب احمد (جلد 9)

by Other Authors

Page 12 of 485

اصحاب احمد (جلد 9) — Page 12

۱۲ -1 -٢ علامت کسوف و خسوف پوری ہوگئی۔وہ نظارہ آج تک میری آنکھوں کے سامنے ہے اور وہ الفاظ میرے کانوں میں گونجتے سنائی دیتے ہیں جو ہمارے ہیڈ ماسٹر مولوی جمال الدین صاحب نے اس علامت کے پورا ہونے پر مدرسہ کے کمرہ کے اندر ساری جماعت کے سامنے کہے تھے کہ ” مہدی آخر الزمان کی اب تلاش کرنا چاہئے وہ ضرور کسی غار میں پیدا ہو چکے ہیں کیونکہ ان کے ظہور کی بڑی علامت آج پوری ہو چکی۔“ میں بھی جماعت میں موجود تھا۔وہ کمرہ ، وہ مقام اور لڑکوں کا وہ حلقہ اب تک میری نظر کے سامنے ہے وہ کرسی جس پر بیٹھے ہوئے مولانا نے یہ الفاظ کہے۔وہ میز جس پر ہاتھ مار مار کر لڑکوں کو یہ خبر سنائی۔خدا کے حضورضرور اس بات کی شہادت دیں گے کہ مولوی صاحب موصوف پر اتمام حجت ہو چکی۔باوجو داس نشان کا اعلان کرنے کے خود قبول مہدی آخر الزمان سے محروم ہی چلے گئے۔” مہدی آخر الزمان“۔میرے کان ابھی تک اس نام سے نا آشنا تھے۔ان کا کسی غار میں پیدا ہونا“، ان کے ظہور کی بڑی علامت یہ الفاظ میرے واسطے اور بھی اچنبھا تھے۔میں مڈل میں تعلیم پاتا تھا۔طبیعت میں ٹوہ کی خواہش پیدا ہوئی۔استاد سے بوجہ حجاب اور ادب نہ پوچھ سکا۔آخر ہم جماعتوں سے اس معمہ کا حل چاہا۔جنہوں نے اپنے مروجہ عقیدہ و خیال کے مطابق سارا قصہ کہہ سنایا۔میرے دل میں جو -٣ تاثرات ان قصوں کو سن کر پیدا ہوئے۔اور جنہوں نے میری روحانیت میں اور اضافہ کیا وہ یہ تھے: تیرہ سو سال قبل ایک واقعہ کی اطلاع دینا جو دوست دشمن میں مشہور ہو چکی ہو۔اور پھر اس کا عین وعدہ کے مطابق پورا ہو جانا۔- وہ واقعہ انسانی کوشش کا نتیجہ نہیں بلکہ آسمان پر ہوا جہاں انسان کی پہنچ نہیں اور نہ ہی انسان کا کسی قسم کا اس میں دخل ہے۔مہدی آخرالزمان کی شخصیت۔اس کا کفر کو مٹانا۔اسلام کو بڑھانا اور اسلامی لشکر تیار کر کے کافروں کو تلوار کے گھاٹ اتارنا اور مسلمانوں کی فتوحات کے خیالات۔دعا اور اس کی حقیقت۔خدا کا بندوں کی دعاؤں کو سننا اور قبول کرنا۔کیونکہ اولیاء امت محمدیہ مہدی آخر الزمان کے لئے دعائیں کرتے رہیں ہیں۔آخر وہ قبول ہوئیں۔یہ باتیں اسلام کی صداقت کی واضح اور بین دلیل ہیں اور اسلام ہی ایک ایسا مذہب ہے جو خدا کو پیارا اور خدا تک پہنچنے کا ذریعہ ہے۔