زرّیں ہدایات (جلد چہارم برائے طلباء۔1932ء تا 1959ء) — Page 315
زریں ہدایات (برائے طلباء ) 315 جلد چهارم اپنے آپ کو خدمت دین کے لئے وقف کر دو اور تو کل علی اللہ کی صحیح روح پیدا کر و۔اگر تم ایسا کرو گے تو اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت ہرلمحہ تمہارے شامل حال رہے گی 7 فروری 1957ء کو طلباء جماعت نہم تعلیم الاسلام ہائی سکول ربوہ نے جماعت دہم کے طلباء کو الوداع کہنے کے لئے دعوت عصرانہ کا اہتمام کیا جس میں از راہ شفقت حضرت خلیفة المسیح الثانی نے بھی شمولیت فرمائی۔اس موقع پر تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد آپ نے طلباء سے جو خطاب فرمایا اس کا خلاصہ حسب ذیل ہے:۔ایڈریس میں طلبائے جماعت دہم کے اچھے نمونہ کا ذکر کیا گیا ہے اور جواب ایڈریس میں اساتذہ کا شکریہ ادا کیا گیا ہے جو زائد وقت دے کر بلا معاوضہ طلباء کو پڑھاتے رہے۔در حقیقت یہ دونوں باتیں ایسی ہیں جو آنے والوں کے لئے مشعل راہ بن سکتی ہیں اور انہیں مدنظر رکھ کر ہمارے سکول کے طلباء سینکڑوں سال کے لئے اپنی قوم ، ملک بلکہ دنیا کے لئے ایک نمونہ بن سکتے ہیں۔حضور نے یورپ کے ایک ڈاکٹر کی مثال دیتے ہوئے جس نے عمر بھر اپنے آپ کو اپنے سکول سے وابستہ رکھا طلباء کو نصیحت فرمائی کہ طلباء اگر واقعی اپنے سکول سے اور اپنے اساتذہ سے محبت اور اخلاص رکھتے ہیں تو ان کا فرض ہے کہ وہ عمر بھر اس تعلق کو قائم رکھیں۔اپنے سکول کی نیک روایات کو زندہ رکھتے ہوئے ہمیشہ اس کے ساتھ گہری وابستگی کا ثبوت دیں۔