زرّیں ہدایات (جلد سوم برائے طلباء۔1916ء تا 1931ء)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 307 of 362

زرّیں ہدایات (جلد سوم برائے طلباء۔1916ء تا 1931ء) — Page 307

زریں ہدایات (برائے طلباء) 307 جلد سوم کی سی ہے جب ضرورت ہوئی اوڑھ لیا اور پھر اتار کر رکھ دیا۔رسول کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ میں عالم ہوں۔میں سوتے ہوئے بھی گویا جاگتا ہوں 9 اس کا مطلب یہی ہے کہ سوتے ہوئے بھی علم الہی میرے دل میں موجیں لے رہا ہوتا ہے۔اور یہی حقیقی علم ہے کہ انسان ہر وقت اس نشہ میں سرشار رہے۔یہی علم کا حقیقی مقصد ہوتا ہے کہ انسان اس علم کی روح پر جسے اس نے پڑھا ہے ہر وقت حاوی رہے۔دو طالب علم ایک ہی مدرسہ میں قانون کی ایک ہی کتابیں پڑھتے ہیں مگر ایک معمولی وکیل بنتا ہے اور دوسرا بہت ہی کامیاب پریکٹس کرتا ہے۔بعض اوقات اگر آپ کا میاب وکیل سے کوئی دفعہ پوچھیں تو وہ بغیر کتاب دیکھنے کے نہیں بتا سکے گا۔لیکن دوسرا معمولی وکیل جھٹ بتا دے گا۔حالانکہ پہلے کی شہرت بہت زیادہ ہوتی ہے اور دوسرے کی کچھ بھی نہیں ہوتی۔اس کی وجہ یہی ہے کہ کامیاب وکیل نے قانون کے سطحی الفاظ تک اپنے آپ کو محدود نہیں رکھا ہوتا بلکہ اس کی روح کو اپنے اندر جذب کر لیا ہوتا ہے۔گو اس کی شقیں اسے زبانی یاد نہ ہوں لیکن تقریر کے وقت حج کو اس کی باتوں کا قائل ہونا پڑتا ہے حالانکہ معمولی دفعہ دیکھنے کے لئے بھی اسے کتاب کی ضرورت ہوتی ہے۔لیکن دوسرے نے قانون کی روح کو اپنے اندر جذب نہیں کیا ہوتا اس لئے وہ کامیاب نہیں ہوتا۔پس علم پڑھو۔اور اس طرح پڑھو کہ وہ تمہاری زندگانی کا ایک جزو ہو جائے اور زندگی کی تمام حرکات پر حاوی ہو۔اگر تم میں سے کوئی قانون پڑھتا ہے تو وہ اسے اس طرح پڑھے کہ قانون اس کی ہر بات سے ٹپک رہا ہو۔میرا یہ مطلب نہیں کہ وہ قانون کی دفعات اپنی روز مرہ کی گفتگو اور عام حالات میں استعمال کر کے اپنے دوستوں کو پریشان کر دے اور وہ اس کے نزدیک بھی نہ پھینکیں۔اور اس کی مثال ایسی ہو جائے جیسے کہ گورداسپور میں ایک مسل خواں تھے۔اس کام میں انہیں اتنا شغف تھا کہ وہ کوئی کام بغیر مسل کے کرنا پسند نہیں کرتے تھے۔حتی کہ بیوی کو بھی حکم دے رکھا تھا کہ کوئی بات بغیر مسل پیش کئے مجھ سے نہ کہا کرو۔بیوی بے چاری مجبور تھی کیا کرتی۔آپ گھر میں آتے اور بیوی کسی چیز کے منگانے کے متعلق کہتی تو حکم ہوتا اچھا مسل پیش کرو۔وہ مسل پیش کرتی تو اسے حکم ہوتا اچھا کیفیت سناؤ۔وہ بتاتی کہ دو پیسہ کا نمک آیا تھا وہ