زرّیں ہدایات (جلد اوّل برائے مبلغین۔1915ء تا 1930ء) — Page 49
زریں ہدایات ( برائے مبلغین ) 49 جلد اول ان میں بھی پائی جاتی ہیں پھر ان کے آنے پر تمہیں کیوں خوشی نہ ہوئی۔اگر کہو ان کا آنا ہمیں معلوم نہیں تھا تو میں ابھی ان کے نام لئے دیتا ہوں مگر ان کو سن کر بھی تمہیں خوشی نہیں ہوگی جتنی سید ولی اللہ شاہ کے آنے پر ہوئی ہے۔اصل باعث تمہاری خوشی کا یہ ہے کہ تم نے خیال کیا ہے کہ ان کے ذریعہ ہمارے سلسلہ کو فائدہ پہنچے گا۔اللہ تعالیٰ جانتا ہے کہ تمہارا یہ خیال پورا ہو گا یا نہیں اور ہماری دعا ہے کہ خدا تعالیٰ اسے پورا کرے لیکن تم نے اس امید اور خیال پر خوشی کا اظہار کیا ہے کہ یہ سلسلہ کے خادم ہوں گے۔انہوں نے جو کچھ سیکھا ہے وہ تمہاری اور تمہارے بھائیوں کی ترقی کے لئے خرچ کریں گے۔اور ان کے ذریعہ ایسے لوگ حق کو قبول کریں گے جنہوں نے ابھی تک قبول نہیں کیا۔چونکہ تمہیں ان سے یہ امید میں ہیں اس لئے ان کی آمد تمہارے لئے خوشی اور مسرت کا باعث ہوئی ہے۔اللہ تعالیٰ جانتا ہے یہ امیدیں پوری ہوں گی یا نہ اور اسی کو معلوم ہے کہ ان کی کتنی زندگی ہے۔پھر ہمیں معلوم نہیں ان کے متعلق الی منشا کیا ہے۔یہ آئندہ ان اصول کو تسلیم کریں گے یا نہیں جو خدا تعالیٰ نے اس سلسلہ کی ترقی کے لئے مقرر فرمائے ہیں۔چونکہ یہ سب غیب کی باتیں ہیں اس لئے تمہاری خوشی کے متعلق کہا جا سکتا ہے کہ وہ محض وہم اور خیال کی بناء پر ہے حقیقت پر نہیں۔اب تم سے میرا سوال ہے کہ اگر اس سے بڑھ کر تمہارے لئے خوشی کا سامان پیدا ہو سکے تو کیا اس کے لئے تم کوشش اور سعی کرنے کے لئے تیار ہو یا نہیں؟ دیکھو جبکہ تمہیں ایک دوسرے شخص کے متعلق صرف امید اور خیال کی بناء پر اس قدر خوشی ہو سکتی ہے تو اگر وہی بات فی الواقع تم میں پائی جاوے تو تمہیں کس قدر خوشی ہوگی۔سید ولی اللہ شاہ تم سب کے رشتہ دار نہیں اور بہت سوں کے تو واقف بھی نہیں مگر ان کے آنے پر تم خوش ہو رہے ہو اور محض ایک امید موہوم کی بناء پر خوش ہو رہے ہو۔لیکن اگر وہ بات جس کی تم نے ان کے متعلق امید باندھی ہے تم میں واقعی طور پر پائی جائے تو بتلاؤ پھر تمہارے لئے کس قدر خوش ہونے کا موقع ہوگا۔تم یہ مت خیال کرو کہ تم میں وہ بات پیدا نہیں ہو سکتی۔دیکھو سید ولی اللہ شاہ اسی طرح پیدا نہیں ہوئے تھے جس طرح کہ اب تمہیں معلوم ہو رہے ہیں۔