تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984) — Page 939
تحریک جدید- ایک الہی تحریک اقتباس از خطبہ جمعہ فرموده 09 نومبر 1984ء اسی طرح نائیجریا کو ہم نے خود کفیل بنانے کے طریق سکھانے شروع کر دیئے ہیں۔بہر حال ہم سکھا تو سکتے ہیں اور حتی المقدور کوشش بھی کر سکتے ہیں۔اس لئے باقی ممالک میں بھی ہم اس سکیم کو عام کریں گے اور بعض احمدی وہاں وقف کر کے گئے ہیں، اسی نیت سے۔جنہوں نے ان کو کام سکھانے کی نیت کی ہوئی ہے، ان کی خاطر وہ بڑی مشکلات میں مصیبتوں میں پڑ کر وہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے دن رات محنت کر رہے ہیں۔اور آہستہ آہستہ سلیقہ دے رہے ہیں، ان کو۔ان کو بالکل علم نہیں تھا کہ چاول کس طرح لگایا جاتا ہے، گندم کس طرح لگائی جاتی ہے، ان سب چیزوں سے وہ نابلد تھے۔تو یہ اللہ کا احسان ہے کہ وہ ہمارے لئے نیکیوں کی راہیں کھول رہا ہے۔اور نیکی کی راہوں میں ہمیں آگے سے آگے بڑھاتا چلا جارہا ہے۔ان فضلوں کو جب ہم دیکھتے ہیں تو پھر ان کے دیئے ہوئے دکھ، ان کی دی ہوئی گالیاں ، ان کی لغو باتیں، ان کے فضول قصے، بالکل حقیر اور بے معنی دکھائی دینے لگتے ہیں۔اس وقت دل حمد سے بھر جاتا ہے اور اللہ کے حضور حمد و شکر سے بھر کر آنکھیں آنسو بہاتی ہیں اور یہ عرض کرتی ہیں اپنے رب سے کہ: ہیں تری پیاری نگاہیں دلبرا اک تیغ تیز جس سے کٹ جاتا ہے سب جھگڑا غم اغیار کا (در شین) تو خدا کے فضل اس کثرت سے نازل ہو رہے ہیں اور ہر جگہ نازل ہو رہے ہیں کہ آپ باوجود اس علم کے کہ ہورہے ہیں، پھر بھی تصور نہیں کر سکتے۔کیونکہ آپ کو ساری اطلاعیں اس کثرت سے نہیں آ ر ہیں، جس طرح مجھے آتی ہیں۔کوئی جاپان سے خط آ رہا ہے اور کوئی پاکستان سے خط آ رہا ہے۔کوئی افریقہ کے ممالک سے خط آ رہا ہے، کوئی ہندوستان سے آ رہا ہے۔گاؤں کے گاؤں احمدی ہوتے چلے جارہے ہیں۔ایسی تیزی آگئی ہے تبلیغ میں کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے۔انگلستان بھی جاگ رہا ہے، اللہ کے فضل سے۔پہلے میں نے آپ کو خوشخبری دی تھی کہ ایک جوڑا، نہایت ہی سلجھا ہوا مخلص انگریز میاں بیوی کا نوجوان جوڑا ہے، وہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے نشان دیکھ کر احمدی ہوا ہے۔اسی جگہ سے یعنی یارک شائر سے۔اب کل رات مجھے چٹھی ملی ہے کہ ایک اور خاتون احمدی ہوئیں تھیں، کچھ عرصہ پہلے وہ ایک اور خاتون کو ساتھ لانے لگیں اور کل انہوں نے ایک بہت زبردست تبلیغی پارٹی کی ہوئی تھی۔بڑا ہی خدا کے فضل سے ان کو جنون ہے، یعنی ڈاکٹر سعید اور سلمی سعید، جو ان کی بیگم ہیں۔تو اسی 939