تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد پنجم ۔ 1974ء تا 1982ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 586 of 1040

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد پنجم ۔ 1974ء تا 1982ء) — Page 586

پیغام بر موقع جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ امریکہ تحریک جدید- ایک الہی تحریک۔۔۔جلد پنجم میں نے بار بار آپ کو متوجہ کیا ہے کہ آپ فتح اسلام کی آنے والی صدی کی تیاری کریں۔اور اس کے استقبال کے لئے ضروری ہے کہ ہم آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اس آخری پیغام پر عمل پیرا ہوں۔اور یہ بات ہمیشہ یادرکھیں کہ جو بھی اس جماعت میں شامل ہے، وہ اپنے رنگ اور نسل کے باوصف ہمارا بھائی ہے، اس لئے آپ کھلے دل سے اپنی قدیم رقابتیں فراموش کر دیں اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اس اخوت اور بھائی چارہ کی سکینت بخش مرہم سے پرانے زخموں کو مندمل ہونے دیں۔ایک اور بات جس کی طرف میں آپ کو متوجہ کرتا ہوں ، وہ اشاعت قرآن کی مہم ہے۔آپ کو اس امر کا بخوبی علم ہے کہ امریکہ کی جماعتوں نے قرآن کریم کو وسیع پیمانے پر شائع کرنے کی اہم ذمہ داری قبول کی ہے۔آج میں آپ سب کی توجہ اس منصوبہ کی اہمیت کی جانب مبذول کرواتا ہوں اور آپ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ آپ پورے عزم کے ساتھ اس میں شامل ہوں اور اس مقدس کتاب کے مقدس پیغام کو امریکن قوم تک پہنچانے کی مقدور بھر کوشش کریں۔خود بھی مطالعہ کریں، اس پر تدبر کریں اور اس کی تعلیمات پر عمل کر کے مثالی مسلمان بن کر دکھائیں۔میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اس کی توفیق بخشے اور سچا اور کھر مسلمان بننے کے جرات عطا فرمائے۔(آمین) میں آپ سب امریکن بھائیوں کو اپنی دعاؤں میں یا درکھتا ہوں اور آپ سے توقع رکھتا ہوں کہ آپ بھی اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں کر رہے ہوں گے۔اور آپ سے یہ درخواست کرتا ہوں کہ اس بات کو اپنی دعاؤں میں ہر گز نہ بھولیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو خدمت اسلام کی توفیق بخشے اور اس کے مواقع بھی عطا فرمائے۔اب آپ اس راہ میں قربانیاں پیش کرنے کے لئے تیار رہیں اور میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ ہو، آپ کا نگہبان ہو اور آپ پر اپنا رحم وکرم نازل فرمائے۔مرزا ناصر احمد خليفة المسيح الثالث ( مطبوعه روزنامه الفضل 17 ستمبر 1979ء) 586