تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964) — Page 513
تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد سوم اقتباس از خطبه جمعه فرمود : 16 ستمبر 1955ء وقف کی تحریک اسلام کی اشاعت کے لئے ایک عظیم الشان تحریک ہے " خطبہ جمعہ فرمودہ 16 ستمبر 1955ء میں آج دوستوں کو اس امر کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ یہ تو ہر احمدی کہتا ہے کہ اسلام دنیا میں غالب آئے گا۔چنانچہ اگر کسی دوسرے وقت آپ لوگ میرے پاس بیٹھے ہوتے اور میں آپ سے سوال کرتا کہ کیا اسلام دنیا میں غالب آئے گا؟ تو آپ اس کا یہی جواب دیتے کہ کیوں نہیں؟ خدا نے کہا ہے کہ اسلام غالب آئے گا، حضرت مسیح موعود کے الہامات ہیں کہ اسلام غالب آئے گا، قرآن کریم میں خبر موجود ہے کہ اسلام غالب آئے گا، محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے پیشگوئیاں فرمائی ہیں کہ اسلام غالب آئے گا، پس اسلام کیوں غالب نہیں آئے گا؟ لیکن اگر دوستوں کے جواب سے شور پیدا ہونے کا ڈرنہ ہوتا تو میں سوال کرتا کہ کس طرح غالب آئے گا؟ آخر خدا تعالیٰ نے ہر کام کے لئے کوئی نہ کوئی طریق مقرر کیا ہے۔بچہ پیدا ہوتا ہے تو اس کے لئے خدا تعالیٰ نے ایک عورت بنائی ہے اور ایک مرد بنایا ہے۔مرد کا نطفہ عورت کے رحم میں قرار پاتا ہے تو کچھ عرصہ کے بعد بچہ پیدا ہو جاتا ہے۔اسی طرح ہر کام کے لئے خدا تعالیٰ نے ایک معین طریق رکھا ہوا ہے۔پس اگر آپ لوگ کسی اور وقت میرے پاس ہوتے تو میں آپ سے پوچھتا کہ اسلام دنیا میں کس طرح غالب آئے گا؟ اس وقت سارا امریکہ اسلام کے خلاف ہے، سارا یورپ اسلام کے خلاف ہے، سارا افریقہ اسلام کے خلاف ہے، آپ کس طرح کہتے ہیں ، اسلام دنیا پر غالب آجائے گا ؟ آخر اسلام کے غالب آنے کا یہی طریق ہو سکتا ہے کہ ہم ان لوگوں کو قائل کریں، انہیں سمجھائیں اور ان سے اسلامی تعلیم کی فوقیت منوا لیں۔جب یہی طریق ہو سکتا ہے تو بتائیے ، ان سے اسلام منوانے کے لئے آپ کیا کوشش کر رہے ہیں؟ شاید آپ یہ جواب دیں کہ ہم چندہ دے رہے ہیں اور ہم مالی لحاظ سے اتنا بوجھ اٹھا رہے ہیں کہ شاید کوئی اور جماعت اتنا بوجھ نہیں اٹھا رہی۔میں تسلیم کرتا ہوں کہ ہماری جماعت مالی قربانی کر رہی ہے۔اور یہ ایک ایسی واضح حقیقت ہے، جس سے کوئی شخص انکار نہیں کر سکتا۔دشمن بھی اقرار کرتا ہے کہ یہ جماعت بڑا بھاری بوجھ اپنے اوپر اٹھا رہی ہے۔لیکن سوال یہ ہے کہ کراچی اور ربوہ میں چندہ 513