تاریخ احمدیت (جلد 24)

by Other Authors

Page 55 of 963

تاریخ احمدیت (جلد 24) — Page 55

تاریخ احمدیت۔جلد 24 55 سال 1967ء مجھے یہ معلوم کر کے بے حد مسرت ہوئی ہے کہ آپ ایک بار پھر اپنے ہاں جلسہ سالانہ میں شرکت کے لئے یہاں جمع ہوئے ہیں۔یہ دن اور یہ راتیں ذکر الہی ، نوافل اور دعاؤں میں گزاریں اور اللہ تعالیٰ کے خاص فضلوں کو جذب کرنے کے لئے اس کے حضور گڑ گڑا ئیں۔خدا کرے یہ اجتماع آپ سب کے لئے بہت با برکت ثابت ہو اور اس علاقہ کی جماعتوں میں ایک نئی زندگی، ایک روحانی انقلاب پیدا کرنے کا باعث ہو۔آمین۔اس زمانہ میں لوگ خدا تعالیٰ کی ہستی کے بظاہر قائل ہیں۔اس کی قدرتوں اور اس کی طاقتوں سے ناواقف اور اس کی حقیقی معرفت سے محروم اور اس وجہ سے مایوسی کے شکار ہیں۔اللہ تعالیٰ کا ہم پر بے حد احسان ہے کہ ہم نے اس زمانہ میں سیدنا حضرت رسول اکرم ﷺ کی قوت قدسیہ کے طفیل حضور کے ایک ادنی غلام اور فرزند جلیل حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ زندہ خدا کے زندہ نشانات بکثرت دیکھے اور ہر دور میں خدا کی قدرتوں کے بے شمار جلوے اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کئے۔اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ ہماری عاجزانہ دعاؤں کو سنا۔وہ مشکل لمحوں میں ہماری مددکو آیا اور اس نے ہماری نجات کے لئے غیر معمولی سامان پیدا کئے۔فالحمد للہ علی ذالک۔اس کی وجہ سے ہر مخلص احمدی کے دل میں خدا کے فضل سے خدا تعالیٰ کی ہستی اور اس کی قدرتوں پر زندہ اور کامل یقین ہے اور اسے بفضلہ خدا تعالیٰ کی معرفت حاصل ہے۔اسی لئے وہ مشکلات میں گھبرا تا اور مایوسی کا شکار نہیں ہوتا بلکہ ایک کامل یقین کے ساتھ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور جھکتا اور اس سے مدد کا طالب ہوتا ہے۔اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت اور اس کے فضلوں کو جذب کرنے کے لئے تقویٰ اور طہارت اور دل کی پاکیزگی ضروری ہے۔پس ایک مخلص احمدی جہاں ایک طرف اللہ تعالیٰ کی قدرتوں کا دل سے قائل ہوتا ہے اور اس کی رحمتوں کا طلب گار، وہاں خدا کے فضل سے وہ ہمیشہ اللہ تعالیٰ سے لرزاں اور ترساں رہتے ہوئے تقویٰ اور طہارت کا اعلیٰ نمونہ بھی پیش کرتا ہے اور یہی اس جماعت کے قیام کی اصل غرض ہے۔جیسا کہ سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:۔