تاریخ احمدیت (جلد 24)

by Other Authors

Page 659 of 963

تاریخ احمدیت (جلد 24) — Page 659

تاریخ احمدیت۔جلد 24 637 سال 1968ء طرح نازل ہوتے اس حال میں مشاہدہ کر رہے تھے کہ ان کے قلوب پر اطمینان و سکینت کا نزول ہور ہا تھا۔152 حضور انور کا دوسرے روز کا خطاب اگلے روز ۲۷ دسمبر کو حضور نے ایک نہایت ہی ایمان افروز تقریر ارشاد فرمائی جو دو گھنٹہ سے زائد عرصہ تک جاری رہی۔حضور کی یہ تقریر اول سے آخر تک جماعت احمدیہ پر پیہم نازل ہونے والے افضال وانعامات اور تائید و نصرت الہی کے بعض تازہ واقعات کے تذکرہ جمیل پر مشتمل تھی۔تقریر کے آغاز میں حضور نے فرمایا کہ مامور کا زمانہ در اصل عید کا زمانہ ہوتا ہے۔اللہ تعالیٰ اپنے مبعوث کردہ مامور پر ایمان لانے والوں کو اپنی غیر معمولی نصرتوں اور تائیدات سے نواز کر ان کیلئے عید کی خوشیوں کے سامان پیدا کرتا چلا جاتا ہے۔اس میں شک نہیں الہی جماعتوں کو بہت سی مشکلات اور مصائب کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انہیں نا مساعد حالات میں سے گذرنا پڑتا ہے لیکن ان مشکلات و مصائب اور نامساعد حالات کے ساتھ ساتھ خدا تعالیٰ کی طرف سے ان کیلئے عید کی خوشیوں کے سامان بھی ہورہے ہوتے ہیں۔دراصل یہ تکلیفیں انہیں پہنچتی ہی اس لئے ہیں تا کہ انہیں عید کی خوشیوں اور مسرتوں کا مزہ آ سکے۔حضور نے یہ واضح فرما کر کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے نتیجہ میں مسلمانوں کے لئے دائگی عید مقدر ہو چکی ہے جس کا سلسلہ قیامت تک چلتا چلا جائے گا۔متعدد واقعات کی روشنی میں آپ نے بتایا کہ کس طرح اللہ تعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ مبارک میں صحابہ کرام کو بار بار اپنی غیر معمولی تائید و نصرت سے نواز کر ان کے لئے عید کی خوشیوں کے سامان کئے اور وہ اللہ تعالیٰ کے اس فضل واحسان اور محبت و پیار کے سلوک پر اس کے حضور سجدات شکر بجالائے۔اس کے بعد حضور نے واضح فرمایا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت کے نتیجہ میں اس دائمی عید کی ایک نئے رنگ میں پھر تجدید ہوئی ہے اور خدا تعالیٰ آپ کی قائم کردہ جماعت کو مشکلات و مصائب اور نامساعد حالات کے باوجود عید کی خوشیاں دکھاتا چلا آرہا ہے۔اس کے ثبوت میں حضور نے اللہ تعالیٰ کی غیر معمولی تائید و نصرت کے بعض نہایت ایمان افروز واقعات بیان فرما کر غلبہ اسلام کی جدو جہد میں حاصل ہونے والی بعض نئی کامیابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور بتایا کہ خدا تعالیٰ محض اپنے فضل کے نتیجہ میں ہمیں کامیابیوں سے نواز کر ہمارے لئے عید کی خوشیوں کے سامان کرتا چلا آ رہا ہے۔