تاریخ احمدیت (جلد 20)

by Other Authors

Page 472 of 879

تاریخ احمدیت (جلد 20) — Page 472

تاریخ احمدیت 472 شیخ محمد حنیف صاحب ( سابق امیر جماعت بلوچستان حال لا ہور ) کا بیان ہے :- محترم چوہدری صاحب کی دلنواز شخصیت کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ ایک دفعہ آپ اپنے سرکاری کام کے سلسلہ میں کوئی ربع صدی پہلے کوئٹہ تشریف لائے تھے اور آپ کو قریب سے دیکھنے سے آپ کی صلاحیتوں اور اخلاق حمیدہ کا علم ہوا۔اتنا طویل عرصہ گزرنے پر بھی آپ کی یاد کے نقوش ہمارے دلوں میں قائم ہیں۔آپ اس عاجز سے غالبا اس لئے بھی بہت محبت کا سلوک فرماتے تھے کہ ہمارے خاندان کے کسی فرد کا کوئی نہ کلیم (CLAIM) تھا اور نہ کسی قریبی عزیز کا آپ کے دفتر میں کوئی کام تھا۔یہ عاجز روزانہ بعد نماز عشاء آپ کی جائے قیام سرکٹ ہاؤس میں حاضر ہوتا تھا۔اور کئی گھنٹے تک ہم لان (LAWN) پر بیٹھتے اور میرے استفسار پر آپ کے خیالات کسی نہ کسی دینی مسئلے پر سننے کا موقعہ ملتا تھا۔آپ کا انداز بڑا دلنشیں اور دوسروں سے مختلف ہوتا تھا۔زیر بحث مسئلہ پر آپ کا ذہن بہت صاف، گرفت بڑی مضبوط اور بات مدلل اور بچی تلی ہوتی۔اعلیٰ پایہ کے اشعار بھی برمحل زیب بیان ہوتے تھے۔شعر و ادب سے آپ کی وابستگی ٹھوس علمی بنیادوں پر قائم تھی۔آپ کی غریب پروری اور عدل گستری کا اس واقعہ سے علم ہوتا کہ ایک غیر از جماعت دوست ایک بہت غریب مہاجر نوجوان کو میرے پاس لائے کہ اس کی مشرقی پنجاب میں متروکہ جائیداد کا اسے بہت کم معاوضہ دیا گیا ہے۔وغیرہ وغیرہ۔میں نے کہا کہ اچھی طرح سوچ لو بات پکی اور سچی ہونی چاہئے۔میں یقین دلاتا ہوں کہ ایسی صورت میں محترم چوہدری صاحب، اگر ان کے اختیار میں یہ بات ہوگی تو بلا تردد اس کی مدد کریں گے۔میں نے اسے اپنے ہمراہ لے جا کر آپ سے بات کی۔آپ نے بھی یہی فرمایا کہ اگر یہ حق پر ہے تو اس کے ساتھ انصاف ہوگا۔ایک لمبے عرصہ کے بعد اس شخص سے ملاقات ہوئی تو اس نے مجھے بتایا کہ مجھ غریب کے ساتھ چوہدری صاحب کی طرف سے بڑا ہی پیار کا سلوک ہوا اور مجھے میرا حق مل گیا تھا۔چوہدری صاحب کی عظمت اخلاق دیکھئے کہ آپ نے مجھ سے اشارہ بھی ذکر نہ کیا تھا کہ آپ نے اس کا کام کر دیا ہے۔“ جلد ۲۰