سلسلہ احمدیہ

by Other Authors

Page 630 of 766

سلسلہ احمدیہ — Page 630

630 جہاں ایک جماعت میں اکثر مخلصین ہوتے ہیں وہاں چند لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جن کا طرز عمل جماعتی معیار کے مطابق نہیں ہوتا۔حضور نے ناروے میں خطاب کرتے ہوئے ان معدودے چند ا حباب کو جن کا طرز عمل قابل اصلاح تھا انتباہ فرمایا کہ ایک بات اور بتا دوں اور وہ یہ کہ خدا تعالیٰ اپنے مہدی اور اس کی جماعت کے لئے بڑی غیرت رکھتا ہے۔تم سمجھتے ہو کہ خدا تعالیٰ تمہارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔وہ شدید العقاب بھی ہے۔اس کی پکڑ بڑی سخت ہے۔لیکن وہ خود کہتا ہے رَحْمَتِي وَسِعَتْ كُلَّ شَيْ (الاعراف : ۱۵۸) یعنی میری رحمت ہر ایک چیز پر حاوی ہے۔پس اس کی رحمت سے حصہ لینا چاہئے نہ کہ اس کے غضب سے۔‘ (۳،۲) ناروے کے بعد حضور نے ہالینڈ کا دوروز کا دورہ فرمایا۔ہالینڈ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد حضور برطانیہ تشریف لے آئے۔برطانیہ میں آکر حضور نے ایک خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔اس میں حضور نے ارشاد فرمایا کہ یورپ میں ہم اسلام کی جو تبلیغ کر رہے ہیں اس میں ایک رکاوٹ ایسی ہے جو اب تک دور نہیں ہوسکی ہے۔وہ رکاوٹ یہ ہے کہ ہمارے اور یورپین قوموں کے درمیان ایک Barrier حائل ہے جو دونوں کو ایک دوسرے کے قریب نہیں آنے دیتی۔اس بیرئر کو ہم نے اب تک نہیں تو ڑا ہے۔تبلیغ میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ وہ ہمارے قریب آئیں۔وہ قریب نہیں آسکتے جب تک درمیان میں حائل Barrier نہ ٹوٹے۔اس سفر میں اللہ تعالیٰ نے اس Barrier کو توڑنے کا منصوبہ القاء کیا ہے۔اس منصوبے کا تعلق اس اسلامی ادارہ سے ہے جسے عید گاہ کے نام سے منسوب کیا جاتا ہے۔اس کے بعد حضور نے اس منصوبہ کی تفصیلات بیان فرمائیں کہ شہر سے باہر زمین کے بڑے قطعات لئے جائیں۔اس غیر مستقف قطعہ میں نماز پڑھی جا سکے اور اس میں درخت لگائے جائیں۔یہاں احمدی بھی جا کر پکنک منائیں اور دوسروں کے بچوں کو بھی پکنک منانے کے لئے مدعو کیا جائے تاکہ وہ بھی ہمارے بچوں کے ساتھ مل کر پکنک منائیں۔اس طرح ہمارے بچوں اور دوسروں کے بچوں اور خود بڑوں کے درمیان میل ملاپ بڑھے گا۔اور دونوں کے درمیان وہ Barrier جس کی وجہ سے یہاں کے لوگ ہم سے دور دور رہتے ہیں ٹوٹنا شروع ہوگا۔