سلسلہ احمدیہ

by Other Authors

Page 596 of 766

سلسلہ احمدیہ — Page 596

596 جاتی ہیں۔ہم بھی ایسی کوئی عمارت خرید کر اسے مسجد میں تبدیل کر سکتے ہیں۔اس پر حضور نے فرمایا ہرگز نہیں ، ہم اپنی مسجد آپ بنا ئیں گے۔ہم یہ الزام نہیں لینا چاہتے کہ ہم نے عیسائیوں کی عبادت گاہوں کو مساجد میں تبدیل کر دیا ہے۔حضور نے شرح کے ساتھ چندوں کی ادائیگی کی طرف توجہ دلائی۔اور فرمایا کہ یہ درست نہیں کہ لوگ تھوڑی بہت رقم ادا کر کے سمجھ لیں کہ انہوں نے اپنا فرض ادا کر دیا ہے۔جماعتی تنظیم کے سلسلہ میں حضور نے فرمایا کہ اتحاد تنظیم اور یکجہتی کے بغیر کوئی تنظیم قائم نہیں ہو سکتی اور ہو بھی جائے تو خاطر خواہ طریق پر چل نہیں سکتی لیکن اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ سرے سے کوئی اختلاف رونما ہی نہ ہو۔اس بارہ میں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ ہر وہ اختلاف جس سے بہتری کے سامان پیدا ہوتے ہیں وہ اسلامی اختلاف ہے اور رحمت و برکت کا موجب ہے۔برخلاف اس کے جس اختلاف کے نتیجے میں بہتری کے سامان پیدا نہ ہوں بلکہ تنظیم میں خلل پڑنے لگے اور فرائض کی ادائیگی میں پہلو تہی کا رحجان پنپنے لگے تو ایسا اختلاف سراسر غیر اسلامی ہے۔اس روز حضور نے احباب جماعت سے ملاقات فرمائی اور کمیونٹی سنٹر کے لئے مجوزہ زمین کا معائنہ بھی فرمایا۔اور جماعت احمدیہ کی طرف سے دیئے جانے والے استقبالیہ میں شرکت فرمائی۔کینیڈا میں حضور کا قیام اار اگست تک رہا جس کے بعد حضور پھر واشنگٹن تشریف لے آئے۔اور پھر ۱۵ اگست کو حضور امریکہ سے لندن تشریف لے آئے۔۱۸ / اگست کو حضور لندن سے گوٹن برگ سویڈن روانہ ہو گئے۔۲۰/ اگست کو حضور نے سویڈن میں بننے والی مسجد کا افتتاح فرمایا۔مختلف ممالک سے آئے ہوئے چھ صد احباب نے اس مبارک تقریب میں شرکت کی۔یہ پہلی مسجد تھی جو صد سالہ جوبلی منصوبہ کے تحت تعمیر ہوئی تھی۔حضور نے خطبہ جمعہ میں اعلان فرمایا کہ دراصل مساجد تو اللہ تعالیٰ کی ملکیت ہیں ہماری حیثیت تو محض نگران کی ہے۔ہماری مساجد کے دروازے ان تمام لوگوں کے لئے کھلے ہیں جو خدائے واحد و یگانہ کی عبادت کرنا چاہتے ہیں۔حضور نے احباب جماعت کو تلقین فرمائی کہ وہ اس مسجد کو حتی الوسع صاف رکھیں تاکہ لوگ پوری دلجمعی اور اطمینان کے ساتھ اس میں خدا کی عبادت کر سکیں۔اس تقریب سے قبل سویڈن ریڈیو کے نمایندوں نے حضور سے انٹرویو لیا۔اور حضور نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب فرمایا۔ابھی اس مسجد کے افتتاح کو چند دن ہی گزرے تھے کہ کچھ یوگوسلاوین احباب بیعت کر کے میں داخل ہوئے۔