سیرت المہدی (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 174 of 438

سیرت المہدی (جلد دوم) — Page 174

سیرت المہدی 174 حصہ چہارم سلام پھیر تے وقت یا سلام کے معابعد میری طرف دیکھا اور جب آنکھیں چار ہوئیں تو حضور کی آنکھوں کی روشنی سمجھیں یا جلال سمجھیں یا نور سمجھیں۔بہر حال کچھ بھی ہو۔اس نے مجھ پر اتنا اثر کیا کہ میں پسینہ پسینہ ہو گیا۔1261 بسم اللہ الرحمن الرحیم۔میاں فضل محمد صاحب دکاندار محلہ دار الفضل نے بذریعہ تحریر مجھ سے بیان کیا کہ ایک دفعہ میں نے خواب میں دیکھا کہ ہمارے گاؤں میں ایک جگہ مکانوں کے درمیان سفید پڑی ہے وہاں حضرت اقدس مجھ کو بغل گیر کر کے مشرق سے مغرب کی طرف جارہے ہیں اور مجھے فرماتے ہیں کہ آپ کے گھر میں تین بیٹے ہوں گے۔پہلے کا نام عبدالغنی، دوسرے کا نام ملک غنی، تیسرے کا نام پتال غنی رکھنا اور آپ کی عمر ۴۵ سال کی ہوگی یا ہے۔اس کے بعد میں بیدار ہو گیا۔جب میں جمعہ کے دن قادیان شریف میں جمعہ کے واسطے آیا تو رات اسی جگہ یعنی قادیان شریف ہی رہا۔شام کے بعد جب حضور مسجد کے اوپر نماز کے بعد گرمیوں میں جیسا کہ ہمیشہ بیٹھا کرتے تھے، بیٹھے تو کچھ صحابی اور بیٹھے تھے اور باتیں ہورہی تھیں اور میں بھی حضور کے قدموں میں ہی بیٹھا ہوا تھا۔چنانچہ میں نے حضور کی خدمت میں عرض کی کہ حضور ! میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ حضور مجھے بغل گیر کر کے مشرق سے مغرب کی طرف لے جارہے ہیں اور مجھے فرماتے ہیں کہ آپ کے گھر میں تین بیٹے ہو نگے۔پہلے کا نام عبد الغنی دوسرے کا نام ملک غنی اور تیسرے کا نام پتال غنی رکھنا اور آپ کی عمر پنتالیس برس کی ہوگی یا ہے۔“ اس پر مولوی عبدالکریم صاحب ہنس پڑے اور فرمانے لگے کہ فضل محمد پھر بتلاؤ کہ پہلے کا نام کیا اور دوسرے کا نام کیا ہے میں نے جب دوبارہ بتایا تو مولوی صاحب پھر بولے کہ میاں! پھر بتلاؤ تو میں نے حضور سے عرض کی کہ حضور! مولوی صاحب تو مذاق کرتے ہیں اور مجھے بڑا غم ہورہا ہے۔حضور مسکرا کر بولے کہ آپ کو کیا غم ہے؟ تو میں نے عرض کی کہ حضور میری عمر اس وقت ۲۸ یا ۳۰ برس کی ہے اور باقی تھوڑی رہ گئی ہے اور میں نے حضور علیہ السلام کا زمانہ دیکھنا ہے۔اس پر حضور نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ قادر ہے وہ دگنی کر دیا کرتا ہے۔( اور حقیقت میں ان کی عمر دگنی ہوگئی تھی )