سیرت المہدی (جلد اوّل) — Page 634
سیرت المہدی 634 حصہ سوم 693 بسم اللہ الرحمن الرحیم۔میاں امام الدین صاحب سیکھوانی نے بذریعہ تحریر مجھ سے بیان کیا کہ ایک دفعہ حضرت اقدس نے بیان فرمایا کہ طاعون دنیا سے اس وقت تک نہیں جائے گی کہ یا تو یہ گناہ کو کھا جائے گی اور یا آدمیوں کو کھا جائے گی۔خاکسار عرض کرتا ہے کہ معنوی رنگ میں طاعون کے اندر وہ دوسرے عذاب بھی شامل ہیں جو خدا کی طرف سے اپنے مسیح کی تائید کے لئے نازل ہوئے یا آئندہ ہوں گے۔694 بسم اللہ الرحمن الرحیم۔میاں امام الدین صاحب سیکھوانی نے بذریعہ تحریر مجھ سے بیان کیا کہ ایک دفعہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا۔بسا اوقات اگر کوئی شخص اس گورنمنٹ کے آگے سچ بولے تو وہ پکڑا جاتا ہے لیکن اگر خدا تعالیٰ کے سامنے سچ بولے تو چھوٹ جاتا ہے۔خاکسار عرض کرتا ہے کہ واقعی دنیوی اور آسمانی حکومتوں میں یہ ایک بڑا لطیف فرق ہے اور یہ اسی فرق کا نتیجہ ہے کہ دنیوی حکومتیں بسا اوقات جھوٹ کو ترقی دینے والی بن جاتی ہیں حالانکہ آسمانی حکومت جھوٹ کو مٹاتی ہے۔695 بسم اللہ الرحمن الرحیم۔خاکسار عرض کرتا ہے کہ مولوی کرم دین جہلمی کے مقدمہ کے دوران میں لالہ آتما رام مجسٹریٹ درجہ اول گورداسپور کی عدالت میں بعض سوالات کے جواب میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور کرم دین نے اپنے اپنے عقائد بیان کئے تھے۔اس بیان کی مصدقہ نقل میرے پاس موجود ہے۔جس میں ایک نقشہ کی صورت میں جوابات درج ہیں۔یہ جوابات جو بعض اہم مسائل پر مشتمل ہیں۔بصورت ذیل ہیں:۔عقائدمرزا غلام احمد صاحب قادیانی مستغیث ( یعنی مولوی کرم دین ) کا جواب ا۔حضرت عیسے علیہ السلام فوت ہو چکے ہیں۔ا۔عیسے علیہ السلام زندہ ہیں۔، ۲۔حضرت عیسی علیہ السلام صلیب پر چڑھائے گئے ۲ نہیں تھے اور غشی کی حالت میں زندہ ہی اتار لئے گئے تھے۔