سیرت مسیح موعود علیہ السلام — Page 77
سیرت حضرت مسیح موعود علیہ السلام LL حصہ اول قسم کا سامان آپ ساتھ نہیں لیتے تھے۔صرف وہی لباس ہوتا تھا جو آپ پہنے ہوئے ہوتے تھے اور ایک مختصر سا بستر ایک لوٹا اور ایک گلاس بھی لیا کرتے تھے۔بعثت کے بعد سفروں کی نوعیت بھی تبدیل ہوگئی اور سفروں میں ایک جماعت ساتھ ہوا کرتی تھی۔اس لئے آپ کا معمول تھا کہ بہت سی موم بتیاں مختلف قسم کی ضروری ادویات دیا سلائی وغیرہ تک ساتھ رکھا کرتے تھے تا کہ جب جس چیز کی ضرورت ہو تلاش نہ کرنی پڑے چونکہ اس وقت تک انڈی پینڈنٹ قلم نہ نکلے تھے قلم کاغذ دوات یہ چیزیں بھی ساتھ رکھا کرتے تھے۔لمبے سفروں میں جو تبلیغی سفر تھے عام طور پر حضرت ام المومنین اور بچوں کو ساتھ رکھتے تھے۔یکہ کی سواری میں آپ اندر بیٹھا کرتے تھے اور ریلوے کے سفر میں سیکنڈ کلاس میں ابتداء تھرڈ اور انٹر میں سفر کیا کرتے تھے۔مگر آپ تھرڈ ، انٹریا سیکنڈ کی کوئی تمیز یا خصوصیت نہ کرتے تھے بلکہ صرف بیت الخلا کی ضرورت کے لحاظ سے درجہ کو پسند کرتے تھے۔اس لئے کہ آپ کو بار بار پیشاب آتا تھا اور عام طور پر آپ کا طریق تھا که علی الصباح سفر پر روانہ ہوتے۔جب ریلوے سفر ہوتا تو ریل کے اوقات کے لحاظ سے بعد دو پہر بھی روانہ ہوتے۔رات کے پہلے حصہ میں سفر کو پسند نہیں فرماتے تھے بلکہ فرمایا کرتے تھے کہ تھوڑی دیر آرام کر کے پھر سفر کرنا چاہیے اور ثابت نہیں ہے کہ رات کے ابتدائی حصہ میں کبھی آپ نے سفر کیا ہو۔اس سے میری مراد یہ ہے کہ یہ کبھی نہیں ہوا کہ آپ نے سفر کا آغا ز رات کے ابتدائی حصے میں کیا ہو۔ریل کے سفر میں بھی اس کو ملحوظ رکھتے تھے۔