تفسیر کبیر (جلد ۷)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 332 of 658

تفسیر کبیر (جلد ۷) — Page 332

چھوڑ نے کا کیوں حکم دیا۔پھر یہ نہیں بتاتی۔کہ وہ قبیلہ کون سا تھا جسے چھونے کا حکم دیا گیا۔صرف چار آدمی تھے جو اُور سے نکلے۔باپ حران میں پہنچ کر فوت ہوگیا تھا۔پھر وہ کونسے رشتہ دار تھے جنہیں وہ چھوڑ کر نکلا۔غرض بائبل کا بیان بہت مبہم ہے اور اس کے اندر ایسی کئی باتیں پائی جاتی ہیں جو خلاف عقل نظر آتی ہیں۔حران شہر کلدی علاقہ اور شام کے درمیان میں تھا جب چلڈیا سے چلیں تو فلسطین کی طر ف راستہ میں یہ شہر آتاہے۔یہ بڑا بھاری شہر تھا تمام تجارتی قافلے یہاں ٹھہرا کرتے تھے اور اس سے تجارتی دروازہ کہتے تھے اس کے علاوہ یہ مذہبی سنٹر بھی تھا اور یہاں ایک بہت بڑا مندر چاند دیوتاکا تھا۔وہ لوگ جو چاندکے پرستار تھے وہ اس جگہ آتے اور نذرانے وغیرہ چڑھاتے تھے۔طالمودی روایات یعنی وہ احادیث جو یہود میں پائی جاتی ہیں وہ بھی قرآنی بیان کی تصدیق کرتی ہیں چنانچہ طالمودی روایات سے پتہ لگتاہے کہ ابراہیمؑ کا باپ مشرک تھا بلکہ طالمودی روایات بتاتی ہیں کہ وہ اتنا مشرک تھا کہ مشرکانہ عبادت گاہوں کا متولی بھی تھا اسی طرح طالمودی روایات سے پتہ لگتاہے کہ وہ بت بھی فروخت کیا کرتاتھا(طالمودصفحہ ۳۵) اور ان سے یہ بھی پتہ لگتاہے کہ اس ملک کا بادشاہ بھی بت پرست تھا اور وہ ابراہیم کو جلانے کے لئے تیار ہوگیا تھا۔جیسا کہ قرآن کریم میں ذکر آتا ہے۔بہر حال حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بارہ میں تین قسم کی روایتیں پائی جاتی ہیں اول قرآنی روایات دوم بائبل کی روایا ت سوم طالمودی روایا ت۔بائبل کی روایات اتنی مجروح اور غیر معقول ہیں کہ کوئی بات بھی یقین کے ساتھ درست نہیںکہی جاسکتی بائبل اتنا تو بتادیتی ہے کہ ابراہیم کے باپ نے بھی اپنا ملک چھوڑ دیا مگر کوئی وجہ نہیں بتاتی کہ آخر انہوں نے اپنا ملک کیوں چھوڑا لیکن قرآن بتاتاہے کہ ابراہیم نے ہجرت کی اور اس لئے کی کہ اس کا باپ مشرک تھا اس کی قوم ستارہ پرست تھی اور یہ اختلاف اس قدر ترقی کرگیا کہ آخر حضرت ابراہیم ہجرت پر مجبور ہوگئے پھر بائبل کہتی ہے کہ تارہ نے بھی کنعان جانا چاہا مگر یہ نہیں بتاتی کہ کنعان جانے کا اسے کیوں خیال پیدا ہوا پھر یہ نہیں بتاتی کہ جب کنعان جانے کے ارادہ سے نکلے تھے تو حران میں کیوں ٹھہر گئے اس کے بعد یہ نہیں بتاتی کہ خدا تعالیٰ نے حضرت ابراہیم سے جو یہ کہا کہ تو اپنے باپ اور قبیلہ کو چھوڑ کر نکل چل ، تو وہ کونسا قبیلہ تھا جسے انہوں نے چھوڑا۔لوط اور سارہ تو ان کے ساتھ ہی رہے ہیں اور ان کے علاوہ اور رشتہ دار ساتھ تھا نہیں پھر وہ قبیلہ کو نسا تھا جسے چھوڑ نے کا حکم دیا گیا اسی طرح بائبل یہ بھی نہیں بتاتی کہ خدا تعالیٰ نے حضرت ابراہیم کویہ کیوں حکم دیا کہ تو اپنے باپ کو چھوڑ دے جبکہ بائبل یہ بھی نہیں بتاتی کہ ان کا باپ