تفسیر کبیر (جلد ۵)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 240 of 460

تفسیر کبیر (جلد ۵) — Page 240

لَهٗ سُجَّدًا١ۚ وَ قَالَ يٰۤاَبَتِ هٰذَا تَاْوِيْلُ رُءْيَايَ مِنْ قَبْلُ١ٞ قَدْ جَعَلَهَا رَبِّيْ حَقًّا(یوسف :۱۰۱)یعنے یوسف کے بھائیوں کے آنے کے بعد جب ان کے ماں باپ بھی آگئے اورانہو ںنے اپنے ماں باپ کو تخت پر اپنے پاس بٹھایا اوروہ شکرانہ کے طورپر سجدہ میں گرگئے۔توحضرت یوسف ؑ نے فرمایا کہ اے میرے باپ! یہ میری اس خواب کی جو میں پہلے زمانہ میں دیکھ چکاہوں تعبیر ہے۔میرے رب نے اس خواب کو آخر سچاکرہی دکھایا کہ باپ ماںاو ربھائیوں کو میرے ماتحت علاقہ میں لے آیا۔الہامی زبان میں خاندانی یا مذہبی نظام کو نظام شمسی سے مشابہت دی جاتی ہے اس خواب اور اس کی تعبیر سے جو خود قرآن کریم نے بیان فرمائی ہے ظاہر ہے کہ الہامی زبان میں خاندانی یامذہبی نظام کونظام شمسی سے مشابہت دی جاتی ہے۔اور میرے نزدیک آیت زیر بحث میں بھی یہی معنے مرادہیں۔کلام الٰہی کی حفاظت کے ذکر کے ساتھ نظام شمسی کی تمثیل اس تمہید کے بعد میں بتاناچاہتاہوں کہ جب اللہ تعالیٰ نے کلام الٰہی کی حفاظت کا ذکر فرمایاتوساتھ ہی نظام شمسی کی تمثیل سے یہ سمجھایا کہ کس طرح یہ حفاظت کی جائے گی۔چنانچہ بتایاکہ ظاہری مادی نظام میں جس طرح ایک آسمان ہے یعنی مختلف ستاروں کاایک مجموعہ ہے۔اسی طرح نظام روحانی بھی مختلف انبیاء کاایک مجموعہ ہے۔اوروہ روحانی آسمان کہلاتاہے۔ظاہری ستارے ظاہری آسمان کی حفاظت اور زینت کا موجب ہیں۔ہر نبی روحانی آسمان کی زینت اور حفاظت کا موجب ہوتا ہے جس طرح ہرستارہ اپنی اپنی جگہ اس آسمان کے لئے زینت کاموجب ہے اورکشش ثقل کے اصول سے اور دیگرایسے ذرائع سے جن کاعلم شاید بندوں کو ابھی تک حاصل نہیں ہوااس کی حفاظت کررہاہے اسی طرح ہر نبی نظام روحانی کے لئے زینت کاموجب ہے اور اس کی حفاظت کاموجب ہے۔ایک نبی بھی نہیں جوبے موقع یا بلاضرورت آیاہو۔ہرنبی کاایک معین کام تھا جو اس کے بغیر کوئی نہیں کرسکتاتھا۔اورہرنبی نے آسمان روحانی کی حفاظت کاکام انجام دیاہے اورکلام الٰہی کی خدمت کی ہے۔اوراس کی حقیقت اوربرتری اورتاثیر کو اپنے وجود سے اوراپنے تابعین کے وجود سے ثابت کیا ہے اوروہ شیطانی صفت لو گ جنہوں نے خدائی کلام کو بگاڑناچاہاانہیں شکست دی اورذلیل کیا۔گویاوہ ان پر پتھر اورآگ کی طرح گرے اورانہیں ناکام کردیا۔نظام جسمانی میں تو شیطانوں کا تصرف ہے لیکن آسمان پر نہیں اس میں یہ بھی بتایاہے کہ جس طرح