تفسیر کبیر (جلد ۲) — Page 474
ہوتا ہے۔پھر کَتَبَ کا لفظ قَضٰی کے معنوں میں بھی آتا ہے۔جیسا کہ قرآن کریم میں آتا ہے قُلْ لَّنْ يُّصِيْبَنَاۤ اِلَّا مَا كَتَبَ اللّٰهُ لَنَا (التّوبة:۵۱) یعنی جس امر کا خدا نے فیصلہ کردیا ہے اور جسے ہمارے لئے مقدر کر دیا ہے وہی ہمیں پہنچے گا۔(مفردات) اَلْحِکْمَۃُ : اس کے کئی معنے ہیں(۱) اَلْعَدْلُ انصاف(۲) اَلْعِلْمُ۔علم(۳) اَلْحِلْمُ۔دانائی(۴) مَا یَمْنَعُ مِنَ الْجَھْلِ جو بات جہالت سے روکتی ہو۔(۵) وَضْعُ الشَّیْ ءِ فِیْ مَوْ ضِعِہٖ کسی چیز کو اُس کے مقام پر رکھنا(۶) اس کے ایک معنے صَوَابُ الْاَمْرِ وَ سِدَادُہٗ کے بھی ہیں یعنی صحیح اور درست کام۔(اقرب) یُزَ کِّیْ : زَکّٰی کے معنے ہیں(۱) اس کو بڑھایا اور اسکی نشوونما کی۔آگے نمو کے دو۲ معنے ہیں۔اُسے اپنی ذات میں بڑھایا یا اُسے باسامان کیا(۲) اس کے ایک معنے تَطْھِیْرٌ کے بھی ہوتے ہیں۔یعنی پاک کرنا اس لحاظ سے آیت کے یہ معنے ہیں کہ وہ لوگوں کو اُن کی ذات میں بڑھائے گا وہ ان کو با سامان کرے گا۔وہ ان کو پاک کرے گا۔پھر تَطْھِیْربھی دو قسم کی ہوتی ہے ایک ظاہری طہارت اور دوسرے باطنی طہارت۔(اقرب) تفسیر۔پھر حضرت ابراہیم علیہ السلام دعا فرماتے ہیں کہ اے ہمارے رب تو ان لوگوں میں سے جو اس جگہ رہیں گے ایک عظیم الشان رسول مبعوث فرما۔مِنْھُمْ اور اے ہمارے رب رسول کے آنے سے یہ ضرورت تو پوری ہو جائے گی کہ خانہ کعبہ سے جس طرح تعلق رکھنا ہے اُس کا پتہ لگ جائے گا۔اور وہ سچے اور مخلص مومن بن جائیں گے مگر اے ہمارے ربّ ہم نے جو اپنی اولاد کو یہاں آکر بسایا ہے تو اس میں علاوہ اس غرض کے کہ تیرا نام بلند ہو ہماری یہ بھی غرض ہے کہ ہماری اولاد کے ذریعے تیرا نام بلند ہو۔ہم نے صرف تیرا گھر نہیں بنایا بلکہ اپنی اولاد کو بھی یہاں لا کر بسا دیا ہے۔گویا ہم نے جو تیرے نام کی بلندی کی کوشش کی ہے اس میں کچھ اپنی غرض بھی شامل ہے۔ہم نے یہ مکان بنایا ہے اس لئے کہ تیرا نام بلند ہو۔اور ہم نے اپنی اولاد یہاں اس لئے بسائی ہے کہ اس کے ذریعہ سے تیرا نام بلند ہو۔پس ہم نے جو اپنی اولاد یہاں بسائی ہے اس میں ہماری یہ غرض بھی شامل ہے کہ آنے والا رسول انہیں میں سے ہو باہر سے نہ ہو۔یَتْلُوْاعَلَیْھِمْ اٰیٰتِکَ اور وہ تیری آیتیں پڑھ پڑھ کر سُنائے۔تیرے نشانات اور معجزات کے ذریعے اُن کے ایمانوں کو تازہ کرے۔اور اللہ تعالیٰ سے تعلق پیدا کرنے والے دلائل لوگوں کے سامنے بیان کرے۔وَ يُعَلِّمُهُمُ الْكِتٰبَ اور تیری شریعت جس کے بغیر باطن پاکیزہ نہیں ہو سکتا اور جو انسان کو مکمل نمونہ بنا دیتی ہے نازل ہو اور وہ لوگوں کو سکھائے۔