تفسیر کبیر (جلد ۲) — Page 158
اس جگہ پر یہ بات بھی یاد رکھنے کے قابل ہے کہ رَفع اور فَوْق کے دو الفاظ جو استعمال کئے گئے ہیں ان میں اس طرف بھی اشارہ ہے کہ یہ طُور کا عہد ہمیشہ ہمیش کے لئے ساتھ رہے گا۔گویا صرف اس بات کا ذکر نہیں کیا گیا کہ طُور کے نیچے یہ عہد لیا گیا تھا بلکہ تمثیلی زبان میں یہ کہا گیا ہے کہ طور ہمیشہ تمہارے سروں پر منڈلاتا رہے گا یعنی یہ عہد ایک دو دن کا عہد نہیں بلکہ اس عہد کا بنی اسرائیل کی قومی زندگی کے ساتھ دائمی تعلق ہے۔خُذُوْا مَاۤ اٰتَيْنٰكُمْ بِقُوَّةٍ۔اﷲ تعالیٰ نے شریعت موسویہ کی پہلی بنیاد دشتِ سینا کے ایک پہاڑ پر جس کا نام ہی اب طُور پڑ گیا ہے اور ہم بھی اب اس کو طُور کے نام سے ہی یاد کریں گے رکھی۔خروج باب۱۹ اور باب۲۰ میں یہ سب واقعہ اور زلزلہ کے آنے کا ذکر ہے اور استثنا باب ۵ آیت ۲ سے جس کے یہ الفاظ ہیں کہ ’’ خداوند ہمارے خدا نے حُو رب میں ہم سے ایک عہد کیا۔معلوم ہوتا ہے کہ دس احکام حورب کی چٹان پر سے بیان کئے گئے تھے اور اُس وقت بنی اسرائیل سے ان احکام پر عمل کرنے کا عہد لیا گیا تھا۔اسی طرح اِن دس احکام کے علاوہ اور احکام بھی دیئے گئے تھے جیسا کہ اَلْکِتَاب کے ماتحت خروج باب ۲۰ سے خروج باب ۳۱ تک کے حوالوں سے ثابت کیا جا چکا ہے دیکھئے تفسیر زیرآیت وَ اِذْ اٰتَيْنَا مُوْسَى الْكِتٰبَ وَ الْفُرْقَانَ (البقرة: ۵۴) یہ ایک عظیم الشان احسان کی بنیاد تھی لیکن جیسا کہ اگلی آیت سے ثابت ہے یہودیوں نے اس موقع پر بھی ناشکر گزاری سے کام لیا۔اِس آیت میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ یہ عہد جو اس وقت لیا گیا ہے انہیں چاہئے کہ اِس کو ہمیشہ کے لئے یاد رکھیں اور مضبوطی کے ساتھ پکڑے رہیں اور اِس پر عمل کرتے رہیں تاکہ ہر قسم کے مصائب سے بچے رہیں۔اِس تاکید کا ذکر استثناء باب ۵ میں بھی آتا ہے وہاں لکھا ہے :۔’’ پھرموسیٰ نے سارے اسرائیل کو بُلایا اور اُنہیں کہا۔اے اسرائیل یہ شرعیں اور احکام سن رکھو جنہیں مَیں آج تمہارے کانوں تک پہنچاتا ہوں تاکہ تم اُنہیں سیکھو اور حفظ کرو اور ان پر عمل کرو۔‘‘( ۱ستثنا باب ۵ آیت ۱) لَعَلَّکُمْ تَتَّقُوْنَ کا مضمون بائبل میں اسی طرح لَعَلَّکُمْ تَتَّقُوْنَ کا مضمون بھی بائبل میں پایا جاتا ہے خروج باب۲۰ میں آتا ہے اگر تم اپنے اِس عہد پر قائم رہے اور ان احکام پر عمل کیا جو تمہیں دیئے گئے ہیں تو تم خدا تعالیٰ کے عذاب اور مصائب سے بچائے جاؤ گے چنانچہ لکھا ہے ’’ موسیٰ نے لوگوں سے کہا کہ تم مت ڈرو اس لئے کہ خدا آیا ہے کہ تمہیں امتحان کرے اور تاکہ اُس کا خوف تمہارے سامنے ظاہر ہو کہ تم گناہ نہ کرو۔‘‘ (خروج باب۲۰آیت۲۰)