تفسیر کبیر (جلد ۱)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 321 of 657

تفسیر کبیر (جلد ۱) — Page 321

اس امریکن قدیم قبیلہ کے علاوہ افریقہ میں بعض نہایت وحشی قدیم غیر مہذب قبائل پائے جاتے ہیں یہ لوگ ایسے ابتدائی ہیں کہ ان کے دماغوں کی بناوٹ جانوروں سے بہت ملتی ہے اور بعض تو جوانی کا یاد کیا ہوا بڑھاپے میں بالکل بھول جاتے ہیں۔ان قبائل میں بھی ایک سب کے خالق خدا کا خیال پایا جاتا ہے جسے ان کی زبان میں نینکمُو کہتے ہیں۔پرانے اور غیرمہذب قبائل میں ایک خَالِقُ کُل اور غیرمَرئی خدا کے وجودکا عقیدہ بابل کا زمانہ کیسا قدیم ہے ان میں بھی ایک خدا کا پتہ چلتا ہے چنانچہ بابل کے آثارِ قدیمہ میں سے ایک کتبہ ملا ہے جس پر لکھا ہے ’’اے دائمی بادشاہ تمام مخلوق کے مالک تو میرا خالق ہے اے بادشاہ تیرے رحم کے مطابق اے آقا جو تو سب پر رحم کرنے والا ہے تیری وسیع بادشاہت رحم کرنے والی رحم والی ہو۔اپنی الوہیت کی عبادت کی محبت میرے دل میں گاڑ دے اور جو کچھ تجھے اچھا معلوم دیتا ہے وہ مجھے دے کیونکہ تو ہی ہے جس نے میری زندگی کو اس رنگ میں ڈھالا ہے۔‘‘ یہ کیسا اعلیٰ اور موجودہ مذاہب سے ملتا جلتا خیال ہے حالانکہ اس زمانہ کے بعد بابل مرکز شرک بن گیا تھا۔اسی طرح کینیڈا کے قدیم باشندوں میں بھی ایک خدا کے عقیدہ کا پتہ چلتا ہے۔پھر آسٹریلیا کا علاقہ جو چند صدیوں سے ہی دریافت ہوا ہے اور جہاں کے لوگ باقی دنیا سے بالکل منقطع ہو رہے تھے اور اس قدر وحشی اور خونخوار تھے کہ ان کا قریباً خاتمہ ہی کر دیا گیا ہے ان کے ایک قبیلہ کا نام آرَنٹا ہے وہ ایک ایسے خدا کا قائل ہے جسے آلٹجیرا کہتے ہیں ان کا خیال ہے کہ چونکہ وہ حلیم ہے اس لئے سزا نہیں دیتا پس اس کی عبادت کی ضرورت نہیں۔افریقہ کا ایک وحشی قبیلہ جسے زولو کہتے ہیں ان میں بھی یہ عقیدہ پایا جاتا ہے کہ ایک غیر مرئی خدا ہے جو سب دنیا کا باپ ہے۔اس کا نام ان کے نزدیک اُنْکُوْ لُنْکِرْلُوْ ہے۔اسی طرح آسٹریلیا کے بعض اور قدیم باشندے نُورِینڈیئر کو شریعت دینے والا خدا سمجھتے ہیں۔وُومِـمْبُو ایک پرانا وحشی قبیلہ ہے وہ نوریلی کے نام سے ایک زبردست خدا کی پرستش کرتا ہے۔افریقہ کا مشہور بنٹو قبیلہ نِزَامبی نام خدا کو تمام دنیا کا پیدا کرنے والا اور بنی نوع انسان کا باپ قرار دیتا ہے۔ان مثالوں سے یقینی طور پر ثابت ہو جاتا ہے کہ پرانے اور غیر مہذب قبائل میں مشرکانہ خیالات کے علاوہ اور قبائلی خدائوں کے علاوہ ایک خالقِ ُکل اور غیرمرَئی غیرمادی خدا کا وجود بھی تسلیم کیا جاتا ہے او رپھر یہ بھی ثابت ہے کہ