تفسیر کبیر (جلد ۱۵)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 402 of 534

تفسیر کبیر (جلد ۱۵) — Page 402

غَیْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْھِمْ کا مضمون بیان کیا گیاہے۔کیونکہ سورۃ الفلق کی ابتدا میں قُلْ اَعُوْذُ کے الفاظ ہیں جو بتاتے ہیں کہ اس جگہ کسی شرّ کا ذکر ہے جس سے پناہ مانگنے کے لئے کہا گیا ہے۔چنانچہ فرمایا قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ۔مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ۔یعنی میں اس خدا سے جو ہر چیز کا پیدا کرنے والا ہے دنیا کی ہر شے کی برائی سے پناہ مانگتاہوں۔پس رَبِّ الْفَلَقِ میں خدا تعالیٰ کے رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ ہونے کا ذکر آگیا۔اور مَا خَلَقَ کے شر سے پناہ مانگنے میں غَیْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْھِمْ والی دعا آگئی۔مِنْ شَرِّ غَاسِقٍ اِذَا وَقَبَمیں جس کے معنے ہیں کہ جب تاریکی سب طرف چھاجاتی ہے یہ بتایا کہ بعض اوقات ربوبیتِ عالمین کی صفت دنیاسے مخفی ہو جاتی ہے۔میں اس سے پناہ مانگتاہوں اور مِنْ شَرِّ حَاسِدٍ اِذَا حَسَدَ میں جس کے معنے ہیں ہر حسد کرنے والے کے حسد سے میں محفوظ رہوں۔ربوبیت کے مخصوص اخفاء کا ذکر کیا۔کیونکہ حسد تب ہوتا ہے جب کچھ لوگوں پر انعام ہو رہا ہو اور کچھ پر سزا نازل ہورہی ہو۔پس سورۃ الفلق میں دعا سکھائی کہ خدا یا جب دنیا میں تیرا عام غضب نازل ہورہا ہو اس وقت بھی ہم کو بچا اور جب خاص غضب نازل ہو رہا ہو اس وقت بھی ہم کو بچا تاکہ نہ ہم حاسد بنیں اور نہ محسود ناکام۔کیونکہ بعض محسود بھی دوسروں کے حسد کے نتیجہ میں ناکام ہوجاتے ہیں۔الغرض سورۃ فاتحہ کے مضمون کا کچھ حصہ سورۃ الاخلاص میں آگیا اور کچھ سورۃ الفلق میں اور باقی حصہ سورۃ الناس میں بیان ہواہے اور اس طرح وہ سارا مضمون جو سورۃ فاتحہ میں بیان ہواہے۔آخری تین سورتوں میں دہرا دیا گیا ہے۔اس سورۃ کا سورۃ اخلاص سے یہ تعلق بھی ہے کہ سورۃ اخلاص میں توحید کامل کا سبق سکھایا گیا ہے او ربتایا گیا ہے کہ سارے قرآن مجید کا خلاصہ یہ ہے کہ اللہ ایک ہے اور اس کا کوئی شریک نہیں۔پھر اس کے بعد سورۃ الفلق اور سورۃ الناس میں ہر مسلمان کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے زمانہ میں خدا تعالیٰ کی توحید کے جھنڈے کو بلند رکھے۔اور کسی جابر، ظالم اور دشمنِ اسلام سے ڈرے نہیں۔اور یہ یقین رکھے کہ صرف ایک خدا تعالیٰ کی ہستی ہی ہے جس کے اشارہ پر ساری کائنات حرکت کرتی ہے اور وہ خدا ہر خیر کے دینے او رہر شر سے محفوظ رکھنے پر قادر ہے۔پس اس کی توحید کا اعلان کرنے کے لئے مخلوق میں سے کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔کیونکہ جب کوئی شخص توحید کی اشاعت کے لئے کھڑا ہوگا تو اللہ تعالیٰ اس کی خود حفاظت کرے گا اور بڑے سے بڑا بادشاہ بھی اس کا مقابلہ نہ کرسکے گا۔سورۃ الفلق کا تعلق سورۃ نصر سے بھی ہے۔سورۃ نصر میں اللہ تعالیٰ نے یہ خبر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دی تھی کہ اسلام بڑھے گا، پھولے گا اور پھلے گا اور کوئی اس کی ترقی کو روک نہیں سکتا۔سورۃ الفلق میں یہ بتایا کہ اے