تفسیر کبیر (جلد ۱۴) — Page 83
ثبوت مہیا کرنے والا ہوتا۔میںنہیں چاہتا تھا کہ میرے ایمان کی بنیاد نئے دلائل اور نشانات پر ہو۔بلکہ میںچاہتا تھا کہ میں جو مشاہدہ آپ کے اخلاق کا کر چکا ہوں اسی کی بناء پر آپ پر ایمان لانے کی سعادت حاصل کروں۔یہی حال حضرت خلیفۂ اوّلؓ کا تھا۔عبداللہ تیما پوری کہنے لگے تو پھر میرے متعلق آپ یہ کیوں شرط قائم کرتے ہیں کہ میرے لئے نشان دکھا نا ضروری ہے۔میں نے کہا کہ یہ بھی ٹھیک ہے کہ نبی کے دعویٰ کی ابتدا میں ایمان لانے والے ان زبردست نشانات کے ظہور سے پہلے ایمان لاتے ہیںجو بعد میں ظاہر ہوتے ہیں۔لیکن ان کے لئے بھی اللہ تعالیٰ ایمان لانے کی یقینی صورتیں پیدا کر دیتا ہے۔اور وہ اس نبی کا گذشتہ نمونہ اور عمل ہوتا ہے مگر اس سے وہی لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو اس کے ذاتی واقف ہوں۔حضرت ابوبکر ؓ کے سامنے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت امانت اور بنی نوع انسان کی خدمت تھی، حضرت خلیفہ اوّل کے سامنے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا تعلق باللہ، اسلام کے احیاء کا جوش اور اس کے لئے غیر معمولی علمی خدمت تھی جس کی وجہ سے آپ نے براہین احمدیہ جیسی معجزانہ کتاب لکھی۔ابتدائی زمانہ کے راستباز لوگ دیکھ رہے تھے کہ آپ نے براہین احمدیہ کے نام سے ایک ایسی کتاب لکھی ہے جس میں صداقت اسلام کے ایسے زبر دست دلائل دیئے اور اس طرح تحدی سے دشمنان دین کو مقابلہ کے لئے للکارا ہے کہ یہ کام بغیر تائید الٰہی کے نہیں ہو سکتا۔اس لئے نیک لوگ جن کے دل صاف تھے فوراً پکار اٹھے کہ یہ شخص اسلام کا پہلوان اور دین کو دشمنوں کے نرغے سے محفوظ رکھنے والا ہے۔اس کے بعد جب آپ نے دعویٰ کیا تو جو لوگ آپ کے حالات سے واقف تھے وہ فوراً آپ پر ایمان لے آئے اور انہوں نے سمجھ لیا کہ جس شخص کو خدا تعالیٰ نے وہ نور بخشا تھا جس کی بنا ء پر اس نے براہین احمدیہ جیسی عظیم الشان کتاب لکھی وہ کبھی جھوٹا نہیں ہو سکتا۔جس نے اسلام کی پہلے حفاظت کی ہے وہ اگر اب بھی اس کی حفاظت کا دعویٰ کرتا ہے تو بالکل سچ کہتا ہے، چنانچہ لوگوں نے براہین کا نشان دیکھنے کے بعد کسی مزید نشان دیکھنے کی ضرورت نہ سمجھی اور آپ کے حلقہ بگوشوں میں شامل ہو گئے۔عبداللہ تیماپوری کہنے لگے تو پھر میرے متعلق آپ کیا نشان چاہتے ہیں ؟ میں نے کہا براہین احمدیہ نا مکمل رہ گئی ہے اور شاید اللہ تعالیٰ نے اس کو اسی لئے نامکمل رہنے دیا ہے کہ کوئی آنے والا اس کو مکمل کرے۔اب آپ اس بات کے مدعی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو مامور بنایا ہے آپ اس کو مکمل کر دیں تو میںآپ کو آپ کے دعویٰ میں صادق تسلیم کر لوں گا اور سمجھ لوں گا کہ آپ کی صداقت کے لئے یہ نشان کافی ہے۔اس پر وہ اچھا کہہ کر چلے گئے مگر آج تک ایک سطر بھی براہین احمدیہ کی تکمیل کے لئے نہیں لکھ سکے۔جس طرح مامورین کی بعثت والی زندگی سے پہلے اللہ تعالیٰ ایسے شواہد پیدا کر دیتا ہے جو لوگوں کے لئے ایمان