تفسیر کبیر (جلد ۱۳)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 137 of 652

تفسیر کبیر (جلد ۱۳) — Page 137

کا مقابلہ پہلے تنزل کے دور سے ہے۔اور یہ جو حدیثوں میں آتا ہے کہ میں نہیں جانتا کہ میری قوم کا پہلا حصہ اچھا ہے یا آخری (مسند احمد عن انس) اس کے یہ معنی نہیں کہ آخری زمانہ پہلے زمانہ سے بلحاظ روحانیت کے بہتر ہوگا بلکہ اس زمانہ کو بہتر اس وجہ سے قرار دیا گیا ہے کہ اس نے اسلامی تنزل کے ایک بہت بڑے دَور کے گذرنے کے بعد آنا تھا اور آپ کا صرف یہ مطلب ہے کہ میں نہیں کہہ سکتا کہ اسلام پر جو مشکلات ابتدائی دور میں آئی ہیں اُن کو زیادہ سخت کہوں یا اُن مشکلات کو زیادہ سخت کہوں جو آخری زمانہ میں آنے والی ہیں اور چونکہ خوشی مشکلات کی نسبت سے ہوتی ہے آپ نے فرمایا کہ میں نہیں جانتا کہ اُن کو اچھا کہوں جو اَب ہیں یا اُن کو جو آخری دَور میں پیدا ہونے والے ہیں یعنی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے نہیں کہہ سکتے کہ موجودہ دَور کے لوگ کامیابی کے لحاظ سے زیادہ خوش قسمت ہیں یا آئندہ دَور کے لوگ زیادہ خوش قسمت قرار دیئے جانے کے مستحق ہوں گے۔بہر حال آیت کے یہ معنے نہیں کہ ہر پچھلا زمانہ پہلے زمانہ سے روحانیت کے لحاظ سے بہتر ہوگا بلکہ معنے یہ ہیں کہ قربِ قیامت تک تیرے لئے روشنی کا دَور ہمیشہ آخر میں آئے گا البتہ اس میں ایک استثنیٰ ہے اور وہ یہ کہ قیامت صرف اشرار پر آئے گی چنانچہ قرآن کریم سے بھی پتہ لگتا ہے اور حدیثوں سے بھی کہ خرابی کا وہ آخری دَور جو قرب قیامت کے وقت ہوگا صرف اشرار پر آئے گا ابرار اُس وقت دنیا میں نہیں رہیں گے۔پس وہ دَور بہر حال وَ لَلْاٰخِرَةُ خَيْرٌ لَّكَ مِنَ الْاُوْلٰى سے مستثنیٰ ہے لیکن اسے اس لحاظ سے مستثنیٰ بھی نہیں سمجھنا چاہیے کہ وہ نبوت محمدیہ کے ختم ہونے کا زمانہ ہوگا۔اُس دَور کو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا زمانہ قرار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ دنیا ختم ہوجائے گی اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا کام اس دنیا میں ختم ہو جائے گا۔وَ لَسَوْفَ يُعْطِيْكَ رَبُّكَ فَتَرْضٰىؕ۰۰۶ اور ضرور تیرا رب تجھے (وہ کچھ ) دے کے رہے گا جس پر تُو خوش ہوجائے گا۔تفسیر۔وَ لَسَوْفَ يُعْطِيْكَمیں اسلامی فتوحات کی پیشگوئی اس آیت کے ایک تو یہ معنے ہیں کہ گو اس وقت چاروں طرف مخالفت کا ایک شور برپا ہے اور اسلام اور مسلمانوں کو کچلنے کے لئے کفار نے اپنی تدابیر کو انتہاء تک پہنچایا ہوا ہے مگر چونکہ ہم پیشگوئی کر چکے ہیں کہ اسلام پر ضُـحٰی کا دَور آنے والا ہے اِس لئے ہم تمہیں خوشخبری دیتے ہیں کہ عنقریب وہ زمانہ آنے والا ہے جب تم اپنے مقصد میں کامیاب ہو جاؤ گے کفر کو نابود ہوتے اپنی