تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 94
کے کھڑے ہونے سے یہ مراد ہے کہ وہ دنیا پر غالب آگئی۔گویا قیام سے مراد ظاہری قیام نہیں بلکہ دُنیا پر غالب آنا اور اُسے اپنے زیرِنگیں کر لینا ہے۔فرمایا جس دن یہ کامل روح کھڑی ہو جائے گی اور ملائکہ اس کے ساتھ صف باندھے کھڑےہوں گےتو لَا یَتَکَلَّمُوْنَ اِلَّا مَنْ اَذِنَ لَہُ الرَّحْمٰنُ وَقَالَ صَوَابًا وہ لوگ جو اس کے ساتھی ہوں گے اُن کی یہ خصوصیت ہو گی کہ وہ نہیں بولیں گے جب تک خدا اُن کو بولنے کے لئے نہ کہے۔وہ اُسی وقت بولیں گے جب خدا کی طرف سے ان کو بولنے کا حکم ہو گا اور اُسی قدر بولیں گے جس قدر بولنے کا خدا انہیں حکم دے گا۔وہ لغو اور بےہودہ باتیں محمد صلے اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی مجلس میں نہیں کریں گے بلکہ ہر بات خدا تعالیٰ کے احکام اور اس کی ہدایت کے مطابق کریں گے قرآن کریم میں بعض اور جگہ بھی اس کے متعلق اشارے پائے جاتے ہیں۔مثلاًایک جگہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہےلَا تَسْـَٔلُوْا عَنْ اَشْيَآءَ اِنْ تُبْدَ لَكُمْ تَسُؤْكُمْ (المائدۃ:۱۰۲) اس آیت کے ذریعہ اللہ تعالیٰ نے لغو سوالات سے صحابہ کو روک دیا کہ یہ رسول کریم صلے اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی مجلس کے آداب کے خلاف ہے۔اور فرمایا کہ ایسی باتیں نہ پوچھو جن کاپوچھنا تمہارا خدا پسند نہیں کرتا بلکہ ایسی ہی باتیں پوچھو جن کا پوچھنا تمہارا خدا پسند کرتا ہے۔یہی بات اس آیت میں بیان کر دی گئی کہ لَا یَتَکَلَّمُوْنَ اِلَّا مَنْ اَذِنَ لَہُ الرَّحْمٰنُ وَقَالَ صَوَابًا صحابہ رسول کریم صلے اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی مجلس میں وہی باتیں کریں گے جن باتوں کی انہیں خدا کی طرف سے اجازت ہے۔اور جب بھی بولیں گے صحیح اور درست مشورہ دیں گے۔اُن کے مشوروں میں منافقت نہیں ہو گی۔وہ کسی سے ڈر کر بات نہیں کریں گےوہ کسی خود غرضی کے ماتحت کوئی مشورہ پیش نہیں کریں گے بلکہ وہ جو کچھ کہیں گے بالکل درست اور صحیح ہو گا اور جو مشورہ دیں گے وہ سچا مشورہ ہو گا۔اُن کے نفس کی کسی خواہش کا اُس میں دخل نہیں ہو گا۔ذٰلِكَ الْيَوْمُ الْحَقُّ١ۚ فَمَنْ شَآءَ اتَّخَذَ اِلٰى رَبِّهٖ مَاٰبًا۰۰۴۰ یہ دن ہو کر رہنے والا ہے۔پس (تم میںسے) جو (شخص) چاہے اپنے رب کے پاس (اپنا) ٹھکانہ بنا لے حل لغات۔مَاٰبَ مَاٰبَ کے لئے دیکھو حل لغات سورۃ النّباءآیت ۲۳۔اَلْحَقُّ:اَلْحَقُّ کے معنے ہیں اَ لْاَمْرُ الْمَقْضِیُّ فیصلہ شدہ بات۔اَلْمَوْجُوْدُ الثَّابِتُ ایسی چیز جو موجود اور ثابت ہو۔(اقرب) تفسیر۔ذٰلِکَ الْیَوْمُ الْحَقُّ یہ دن آکر رہنے والا ہے۔حَقّ کے معنے ہوتے ہیں وَاقع۔ثَابت۔فَمَنْ شَآءَ