تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 29
حالانکہ وہ عیش نہیں بلکہ تمہارے حواس کا بطلان ہے۔وَّ بَنَيْنَا فَوْقَكُمْ سَبْعًا شِدَادًاۙ۰۰۱۳ اور ہم نےتمہارے اوپر سات (بلند اور) مضبوط (آسمان)بنائے ہیں۔حل لغات۔شِدَادًا شِدَادٌ شَدِیْدٌ کی جمع ہے اور اَلشَّدِیْدُ کے معنے ہیں اَلشُّجَاعُ وَالْبَخِیْلُ وَالْاَسَدُ وَالْقَوِیُّ وَالرَّفِیْعُ وَالْوَثِیْقُ (اقرب) یعنی شَدِیْدٌ کے معنے شجاع ؔ کے بھی ہیں۔بخیل کے بھی ہیں۔شیر ؔ کے بھی ہیں۔قویؔ کے بھی ہے۔بلندؔ کے بھی ہیں اور مضبوط ؔ کے بھی ہیں۔شَدِیْدٌ کی شِدَادٌ بھی آتی ہے اور اَشِدَّاءُ بھی آتی ہے جیسا کہ قرآن کریم میں ہی اللہ تعالیٰ ایک دوسرے مقام پر صحابہؓ کی تعریف کرتے ہوئے فرماتا ہے اَشِدَّآءُ عَلَى الْكُفَّارِ(الفتح :۳۰) یہاں سَبْعًا شِدَادًا کے معنے ہوں گے سَبْعًا رِفَاعًا یعنی سات اونچی چیزیں ہم نے پیدا کی ہیں اسی طرح قَوِیٌ کے معنےبھی ہو سکتے ہیں اور وَثِیْق کے معنے بھی ہو سکتے ہیں۔گویا اس آیت کے معنی یہ ہوں گے کہ ہم نے سات وہ چیزیں پیدا کی ہیں جو بلند ہیں یا ہم نے سات وہ چیزیں پیدا کی ہیں جو قوی ہیں یا ہم نے سات وہ چیزیں پیدا کی ہیں جو بندھی ہوئی ہیں اپنی جگہ سے ہلتی نہیںہیں۔تفسیر۔سَبْعًا شِدَادًا سے مراد سات آسمان یہ سات کیا چیزیں کیا ہیں؟ قرآن کریم میں دوسری جگہ آسمانوں کے لئے چونکہ سات کا لفظ استعمال کیا گیا ہے اس لئے یہاں بھی سات سے مراد سات آسمان ہی ہوں گے اوربَنَيْنَا فَوْقَكُمْ سَبْعًا شِدَادًا کے معنے یہ ہوں گے کہ ہم نے تمہارے اوپر سات جسمانی اور مادی بلندیاں پیدا کی ہیں جو بڑی قوی ہیں یعنی اُن میں کوئی تزلزل واقعہ نہیں ہوتا۔ایک مضبوط قانون اُن میں چلتا چلاجاتا ہے جو کسی حالت میں بھی ٹوٹتا نہیں اور اس وجہ سے نظامِ عالم میں کوئی نقص پیدا نہیں ہوتا۔شِدَاد کے معنے اگر ہم رَفِیْع ؔکے لیں تو اس کا مفہوم یہ ہوگا کہ ہم نے ایک ایسا وسیع اور بلند وبالا نظام تمہارے لئے قائم کیا ہے جس کا رفعت میں کوئی خاتمہ نظر نہیںآتا۔اسی طرح یہاں وَثِیْق کے معنے بھی لئے جاسکتے ہیں یعنی وہ نظام جسے ہم نے قائم کیاہے اُس میں یکرنگی پائی جاتی ہے ایک قانون جس رنگ میں ظاہر ہوتا ہے اُسی رنگ میں چلتا چلا جاتا ہے۔یہ امر یاد رکھنا چاہیے کہ یکرنگی اور نہ ٹوٹنے میں فرق ہوتا ہے۔نہ ٹوٹنے میں صرف ایک چیزقائم رہتی ہے لیکن یکرنگی اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ قانون بالکل یکساں رہتا ہے اُس میں کوئی تغیر واقع نہیں ہوتا۔