اَلْاَزْھَارُ لِذَوَاتِ الْخِمَارِ یعنی اوڑھنی والیوں کیلئے پھول (جلد سوم حصہ اوّل) — Page 120
الازھار لذوات الخمار جلد سوم حصّہ اوّل 120 جلسہ سالانہ کینیڈ 2004 مستورات سے خطاب خاندانی وجاہت پر فخر کرنے کی ضرورت ہے، نہ اولاد پر فخر کرنے کی ضرورت ہے، نہ مالی لحاظ سے بہتر ہونے پر فخر کرنے کی ضرورت ہے، نہ علم میں زیادہ ہونے پر فخر کرنے کی ضرورت ہے۔اور پھر دین کے معاملے میں تو یہ بالکل ہی نا جائز ہے کہ کوئی کہے کہ میں زیادہ عبادت گزار یا زیادہ نیک ہوں۔اس لئے ہمیشہ یادرکھیں کہ سب کچھ ہوتے ہوئے بھی عاجز رہیں۔یہی آپ کی بڑائی ہے۔اور ہمیشہ عاجز بنی رہیں۔یہ عاجزی اپنی نسلوں میں بھی پیدا کریں۔حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کو ماننے والوں کو ہمیشہ یہ یاد رکھنا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کی عاجزی کو بہت پسند فرمایا تھا۔اور الہاماً فرمایا تھا کہ تیری عاجزانہ را ہیں اسے پسند آئیں۔صدقات و خیرات کرنے اور روزے رکھنے والیاں پھر اعلیٰ معیاروں کو حاصل کرنے والی عورتوں کی یہ خصوصیت بیان کی گئی کہ صدقہ کرنے والی ہوں، اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والی ہوں۔نیکیوں پر قائم رہنے اور بلاؤں کو دور کرنے کے لئے یہ بھی ضروری ہے۔صدقہ و خیرات کی عادت ڈالیں، اپنی اولادکو عادت ڈالیں۔اپنے بچوں کو عادت ڈالیں تا کہ اللہ تعالیٰ نیکیوں پر قائم رہنے کی توفیق دے اور نیکیاں کرنے کی بھی توفیق دے۔اور اس وجہ سے آپ پر رحمتوں اور فضلوں کی بارشیں برسا تارہے۔پھر فرمایا کہ وہ روزہ رکھنے والی ہوں۔یہ نہ ہو کہ بہانے تلاش کر کر کے روزے چھوڑنے والی ہوں۔پھر اس کے تمام لوازمات کے ساتھ روزہ رکھنے والی ہوں چاہے وہ نفلی روزے ہوں یا فرض روزے ہوں۔بعض دفعہ بعض نوجوانوں میں روزہ رکھنے کی تو بڑی خواہش ہوتی ہے، بڑا جوش ہوتا ہے لیکن پوری طرح اس کا احترام نہیں ہو رہا ہوتا۔بعض اپنی خوراک کو کنٹرول کرنے کے لئے ، اپنے وزن کو مینٹین (Maintain) کرنے کے لئے فاقے تو کر لیتی ہیں لیکن نمازوں کی طرف پوری توجہ نہیں ہوتی ، نوافل کی طرف پوری توجہ نہیں ہوتی ، قرآن کریم پڑھنے کی طرف پوری توجہ نہیں ہوتی۔یہ بھی روزہ کا ضروری حصہ ہیں۔اگر روزہ رکھا ہے تو نمازیں بھی باقاعدہ پڑھیں ، اور دل لگا کر ، خوشی سے، ذوق سے، شوق سے نمازیں پڑھیں نفل کے لئے اٹھیں نفل پڑھیں۔قرآن کریم کی تلاوت کرنا ضروری ہے۔قرآن کریم پڑھیں اور پوری توجہ سے پڑھیں سمجھ کر پڑھیں تا کہ قرآن کریم کے