مطالبہء اقلیت کا عالمی پس منظر — Page 42
42 تیسری فصل جدید سوشلزم اور اس کا بانی (کارل مارکس) اور حاضر کی سوشلزم کا بانی یہودی نژاد کارل مارکس (Karl Marx) تھا جو 5 مئی 1818ء کو جر منی میں پیدا ہوا اور 14 مارچ 1882ء کو لنڈن میں وفات پائی۔اور لنڈن کی ایک پہاڑی پر واقع ہائی گیٹ نامی قبرستان میں دفن کیا گیا۔کارل مارکس نے اکتوبر 1842ء میں اپنے معاشی خیالات کی اشاعت کے لئے رائین گزٹ کی ادارت سنبھالی۔حکومت کی دھمکی پر اخبار کے مالکوں نے اخبار کی پالیسی تبدیل کرنے کا ارادہ کر لیا جس پر مارکس نے ایڈیٹری سے استعفا دے دیا اور ساتھ ہی حکومت نے اخبار ضبط کر لیا۔جس کے بعد وہ پیرس آگیا جہاں اُس نے ایک جرمن فرانسیسی سالنامہ کی ادارت قبول کر لی۔اس سالنامہ کا پہلا شمارہ 1845ء میں نکلا۔اس پرچہ میں اس کے ہمعصر فریڈرک اینجلز نے ایک مقالہ رائج الوقت اقتصادی نظام کے خلاف لکھا جس سے مارکس بہت متاثر ہوا۔اینجلز بھی جرمنی کے اسی علاقہ بریمن (Bremen) میں پیدا ہو ا جہاں کارل مارکس کی ولادت ہوئی تھی۔اینجلز کو 1871ء میں لازمی فوجی بھرتی کے قانون کے تحت توپ خانہ میں کام کرنا پڑا۔پھر وہ انگلستان کے صنعتی شہر مانچسٹر میں کپڑے کے ایک کارخانہ کا ایجنٹ بن گیا۔1845ء میں اینجلز برسلز میں کارل مارکس کے پاس ہی آگیا۔1847ء میں اینجلز فرانسیسی مزدوروں کے نمائندہ کی حیثیت سے لندن آیا۔اسی دوران کارل مارکس نے بھی لندن میں مستقل سکونت اختیار کرلی۔اسی سال لندن میں کمیونسٹ لیگ کی پہلی کانگرس لندن میں منعقد ہوئی جس میں دنیا بھر کے عوام کو مندرجہ ذیل تین نعرے دیئے۔ا۔سرمایہ داری کا خاتمہ۔۲۔مزدور حکومتوں کا قیام۔۳۔دنیا بھر کے مزدوروں کا اتحاد۔لیگ کا دوسرا اجلاس اس سال 23 دسمبر کو منعقد ہوا۔مارکس نے اس اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ مارکس اور اینجلز کمیونسٹ لیگ کے اغراض و مقاصد تحریر کریں۔چنانچہ دونوں نے ایک منشور مرتب کیا جو فروری 1848ء میں صنعتی انقلاب فرانس (فروری 1848ء) سے چند ہفتے قبل طباعت کے لئے دیا گیا۔یہ وہی شہرہ آفاق عالمی کمیونسٹ مینوفیسٹو ہے جس نے دنیا میں انقلاب کی بنیاد ڈالی اور دنیا بھر کی سوشلسٹ پارٹیوں کا لائحہ عمل بنا۔