مجدّدین اُمّتِ محمدیہ اور اُن کے تجدیدی کارنامے — Page 283
خلیفۃ اللہ 283 میں بیت اللہ میں کھڑے ہو کر یہ قسم کھا سکتا ہوں کہ وہ پاک وحی جو میرے پر نازل ہوتی ہے وہ اسی خدا کا کلام ہے جس نے حضرت موسیٰ اور حضرت عیسیٰ اور حضرت محمد مصطفی ﷺ پر اپنا کلام نازل کیا تھا۔میرے لیے زمین نے بھی گواہی دی اور آسمان نے بھی۔اس طرح میرے لئے آسمان بھی بولا اور زمین بھی کہ میں خلیفہ اللہ ہوں۔ایک غلطی کا ازالہ۔روحانی خزائن۔جلد 18 صفحہ 210) فرشتوں کا نزول اور کامیابی کی بشارت چونکہ یہ عاجز راستی اور سچائی کے ساتھ خدا تعالیٰ کی طرف سے آیا ہے اس لیے تم صداقت کے نشان ہر ایک طرف سے پاؤ گے۔وہ وقت دور نہیں بلکہ بہت قریب ہے کہ جب تم فرشتوں کی فوجیں آسمان سے اترتی اور ایشیا اور یورپ اور امریکہ کے دلوں پر نازل ہوتی دیکھو گے۔یہ تم قرآن شریف سے معلوم کر چکے ہو کہ خلیفہ اللہ کے نزول کے ساتھ فرشتوں کا نازل ہونا ضروری ہے تا دلوں کو حق کی طرف پھیریں۔سواس نشان کے منتظر رہو۔اگر فرشتوں کا نزول نہ ہوا اور ان کے اترنے کی نمایاں تاثیریں تم نے دنیا میں نہ دیکھیں اور حق کی طرف دلوں کی جنبش کو معمول سے زیادہ نہ پایا تو تم نے یہ سمجھنا کہ آسمان سے کوئی نازل نہیں ہوا۔لیکن اگر یہ سب باتیں ظہور میں آگئیں تو تم انکار سے باز آؤ۔تا تم خدا تعالیٰ کے نزدیک ایک سرکش قوم نہ ٹھہرو۔آخری نور (فتح اسلام۔روحانی خزائن۔جلد 3 صفحہ 13) مبارک وہ جس نے مجھے پہچانا۔میں خدا کی سب راہوں میں سے آخری راہ ہوں اور میں اس کے سب نوروں میں سے آخری نور ہوں۔بدقسمت ہے وہ جو مجھے چھوڑتا ہے کیونکہ میرے بغیر سب تاریک ہے۔(کشتی نوح۔روحانی خزائن۔جلد 19 صفحہ 61)