مضامین بشیر (جلد 2) — Page 897
۸۹۷ مضامین بشیر کارفرما سمجھا جائے گا۔آخر یہ کیا وجہ ہے کہ جہاں حضرت موسیٰ علیہ السلام کے متبعین نے ان کے سامنے کئی دفعہ سرکشی کا رنگ اختیار کیا اور بالآخر وہ اپنی قوم کی بدعنوانیوں کی وجہ سے منزل مقصود پر پہنچنے سے قبل ہی شمالی عرب کے صحرا میں وفات پاگئے اور پھر کیا وجہ ہے کہ جہاں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو بارہ حواریوں سے زیادہ صحابی میسر نہیں آسکے اور ان میں سے بھی ایک نے غداری اور دوسرے نے بے وفائی سے کام لیا۔حتیٰ کہ بقول عیسائیوں کے حضرت عیسی کو اپنی قوم کے ہاتھوں صلیبی موت کا مزا چکھنا پڑا۔وہاں اس کے مقابل پر آنحضرت صلے اللہ علیہ وسلم ( فداہ نفسی ) کو یہ عدیم المثال کامیابی نصیب ہوئی کہ اکیس سال کے قلیل عرصہ میں سارا عرب شرک کی لعنت سے آزاد ہو کر تکبیر کے نعروں سے گونجنے لگ گیا اور خدا کے فضل سے آپ کو صحابی بھی اس شان کے ملے کہ جب بدر کے میدان میں مسلمانوں اور کافروں کا پہلا مقابلہ ہوا اور اس وقت کافروں کی نسبت مسلمان تعداد اور سامان میں اتنے کم تھے کہ بظاہر حالات یہ گویا موت کا سامنا تھا۔اس وقت آپ کے صحابہ نے آپ سے عرض کیا کہ : ” یا رسول اللہ آپ انشاء اللہ ہمیں موسیٰ کے صحابیوں کی طرح نہیں پائیں گے۔جنہوں نے موسیٰ سے کہہ دیا تھا کہ تو اور تیرا رب جا کر لڑو ہم تو یہ بیٹھے ہیں بلکہ ہم خدا کے فضل سے آپ کے آگے بھی لڑیں گے اور پیچھے بھی لڑیں گے اور دائیں بھی لڑیں گے اور بائیں بھی لڑیں گے اور دشمن آپ تک ہماری لاشوں پر سے گزرنے کے بغیر نہیں پہنچ سکتا۔۔۵۲ اب سوچو کہ خدا کے رسولوں کی کامیابی میں یہ بھاری فرق کیوں ہے؟ کوئی کہہ سکتا ہے کہ یہ فرق خدا کی نصرت کے فرق کی وجہ سے ہے۔میں کہتا ہوں بے شک یہ درست ہے لیکن سوال یہ ہے کہ پھر اس بات کی کیا وجہ ہے کہ کسی رسول کو زیادہ نصرت حاصل ہوتی ہے اور کسی کو کم۔اس سوال کا جواب سوائے اس کے کچھ نہیں کہ کوئی رسول اپنی فطری استعدادوں اور اپنے اوصاف حمیدہ کی وجہ سے زیادہ نصرت کا جاذب ہو سکتا ہے اور کوئی اتنا جاذب نہیں ہوتا۔دراصل خدا اور اس کے رسولوں کی مثال ایک براڈ کاسٹنگ اسٹیشن اور ریڈ یوسیٹ کی سی ہے۔بیشک براڈ کاسٹنگ اسٹیشن میں یہ استعداد ہوتی ہے کہ وہ کوئی پیغام زیادہ زور اور شدت کے ساتھ نشر کرتا ہے اور کوئی پیغام اس زور اور شدت کے ساتھ نشر نہیں کرتا لیکن اس کے مقابل پر خود ریڈیو سیٹوں میں بھی پیغاموں کو وصول کرنے اور اسے آگے پہنچانے کی صلاحیت میں بھاری فرق ہوتا ہے۔ہم روزانہ دیکھتے ہیں کہ بسا اوقات ایک براڈ کاسٹنگ اسٹیشن ایک ہی طاقت کے ساتھ ایک پیغام نشر کر رہا ہوتا ہے مگر ریڈیو سیٹوں کی طاقت کے فرق کی وجہ سے کوئی سیٹ اس پیغام کو زیادہ صفائی کے ساتھ