مضامین بشیر (جلد 2)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 38 of 1110

مضامین بشیر (جلد 2) — Page 38

مضامین بشیر ۳۸ موجودہ سیاسی الجھن کو سلجھانے کے لئے حضرت امیر المؤمنین خلیفتہ المسیح الثانی ایدہ اللہ کی مساعی جمیلہ دہلی۔یکم اکتوبر (بذریعہ ڈاک ) گو جیسا کہ الفضل‘ میں اعلان کیا جا چکا ہے۔حضرت امیر المومنین خلیفہ المسیح الثانی ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کی غرض موجودہ سفر دہلی میں ملک کے سیاسی حالات کا مطالعہ تھی اور خیال یہ تھا کہ حضور دہلی میں چند دن قیام رکھ کر اپنے نمائندوں کے ذریعہ سیاسی لیڈروں کے خیالات معلوم کرنے کی کوشش فرمائیں گے۔تا کہ ان کی روشنی میں جماعت کی طرف سے ملک کی بہتری کے لئے کوئی قدم اٹھایا جا سکے مگر دتی پہنچنے پر ایسے حالات پیدا ہو گئے کہ خود حضور نے بعض سیاسی لیڈروں سے ملنا اور براہ راست تبادلۂ خیالات کرنا ضروری خیال فرمایا۔چنانچہ اس وقت تک بعض دوسری ملاقاتوں کے علاوہ حضور مسٹر جناح صدر مسلم لیگ اور مولانا ابوالکلام آزاد اور مسٹر گاندھی سے ملاقات فرما چکے ہیں اور حضور کی طرف سے حضور کے نمائندگان نے جو ملاقاتیں کی ہیں وہ اس کے علاوہ ہیں۔اس وقت ان ملاقاتوں کی تفصیل لکھنا مناسب نہیں مگر احباب کو دعا کرنی چاہیئے کہ اللہ تعالیٰ موجودہ نازک وقت میں جو حقیقتا بے حد نازک ہے۔مسلمانوں اور ہندوؤں اور دیگر اقوامِ ہند کی ایسے رستہ کی طرف رہنمائی فرمائے جو ملک کی بہبودی اور ترقی کے لئے مفید اور ضروری ہو۔( مطبوعه الفضل ۳ /اکتوبر ۱۹۴۶ء)