مضامین بشیر (جلد 1) — Page 128
مضامین بشیر ۱۲۸ اب آخری عشرہ کے دن قریب آ رہے ہیں۔یہ وہ دن ہیں جن کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے رمضان کے مہینہ کے خاص ایام قرار دیا ہے۔پس ان کی برکات سے فائدہ اٹھاؤ اور کوشش کرو کہ ان دنوں میں تم خدا سے قریب تر ہو جاؤ تا کہ جب عید کا دن آئے تو وہ ہم سب کے لیئے حقیقی خوشی کا دن ہو۔انشاء اللہ حسب دستور حضرت خلیفہ اسیح ثانی ایدہ اللہ بنصرہ العزیز ۲۸ یا ۲۹ رمضان کے دن نماز عصر کے بعد تمام مقامی جماعت کے ساتھ مسجد اقصیٰ قادیان میں دعا فرمائیں گے۔بیرونی جماعتوں کو بھی چاہیئے کہ اس دن اور اسی وقت اپنی مقامی مسجد میں یا مسجد نہ ہو تو کسی دوسری جگہ جہاں نمازوں کا انتظام ہو ا کٹھے ہو کر دعا کریں تا کہ اس گھڑی ایک متحدہ التجا خدا کے دربار تک پہونچے۔اور خدا کی رحمتیں ہماری دستگیری کے لئے نیچے اتر آئیں۔اگر ممکن ہوا تو میں انشاء اللہ دعا کی معین تاریخ اور وقت سے بعد میں اطلاع دوں گا۔دعا میں حمد اور درود کے بعد اسلام اور سلسلہ عالیہ احمدیہ کی ترقی اور بہبودی کو سب دعاؤں پر مقدم رکھا جائے۔اللہ تعالیٰ ہم سب کے ساتھ ہو۔(مطبوعہ الفضل ۱۶ مارچ ۱۹۲۸ء)