ملفوظات (جلد 8)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 26 of 389

ملفوظات (جلد 8) — Page 26

اگر صرف مسلمان نام ہو تو شناخت کا تمغہ کیونکر ظاہر ہو۔خدا تعالیٰ ایک جماعت بنانا چاہتا ہے اور اس کا دوسروں سے امتیاز ہونا ضروری ہے۔بغیر امتیاز کے اس کے فوائد مترتّب نہیں ہوتے اور صرف مسلمان کہلانے سے تمیز نہیں ہو سکتی۔امام شافعی اور حنبل وغیرہ کا زمانہ بھی ایسا تھا کہ اس وقت بدعات شروع ہوگئی تھیں۔اگر اس وقت یہ نام نہ ہوتے تو اہل حق اور ناحق میں تمیز نہ ہو سکتی۔ہزار ہا گندے آدمی ملے جلے رہتے۔یہ چار نام اسلام کے واسطے مثل چار دیواری کے تھے۔اگر یہ لوگ پیدا نہ ہوتے تو اسلام ایسا مشتبہ مذہب ہوجاتا ہے کہ بدعتی اور غیر بدعتی میں تمیز نہ ہو سکتی۔اب بھی ایسا زمانہ آگیا ہے کہ گھر گھر ایک مذہب ہے۔ہم کو مسلمان ہونے سے انکار نہیں مگر تفرقہ دور کرنے کے واسطے یہ نام رکھا گیا ہے۔پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے توریت والوں سے اختلاف کیا اور عام نظروں میں ایک تفرقہ ڈالنے والے بنے۔لیکن اصل بات یہ ہے کہ یہ تفرقہ خود خدا ڈالتا ہے۔جب کھوٹ اورملاوٹ زیادہ ہوجاتا ہے تو خدا خود چاہتا ہے کہ ایک تمیز ہوجائے۔مولوی صاحب نے پھر وہی سوال کیا کہ خدا نے تو کہا ہے کہ هُوَ سَمّٰىكُمُ الْمُسْلِمِيْنَ (الـحج:۷۹)۔فرمایا۔کیا اس میں رافضی اور بدعتی اور آجکل کے مسلمان شامل ہیں؟ کیا اس میں آجکل کے وہ لوگ شامل ہیں جو اباحتی ہو رہے ہیں؟ اور شراب اور زنا کو بھی اسلام میں جائز جانتے ہیں۔ہرگز نہیں۔اس کے مخاطب تو صحابہ ہیں۔حدیث شریف میں آیا ہے کہ قرونِ ثلاثہ کے بعد فیج اعوج کا زمانہ ہوگا جس میں جھوٹھ اور کذب کا افشا ہوگا۔آنحضرتؐنے اس زمانہ کے لوگوں کے متعلق فرمایا ہے لَیْسُوْا مِنِّیْ وَ لَسْتُ مِنْـھُمْ نہ ان کا مجھ سے کوئی تعلق ہے نہ میرا ان سے کوئی تعلق ہے۔وہ لوگ مسلمان کہلائیں گے مگر میرے ساتھ ان کا کوئی تعلق نہ ہوگا۔جو لوگ اسلام کے نام سے انکار کریں یا اس نام کو عار سمجھیں ان کو تو میں لعنتی کہتا ہوں۔میں کوئی بدعت نہیں لایا۔جیسا کہ حنبلی شافعی وغیرہ نام تھے ایسا ہی احمدی بھی نام ہے بلکہ احمد کے نام میں اسلام اور اسلام کے بانی احمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اتصال ہے۔اور یہ اتصال دوسرے ناموں میں نہیں۔احمد آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا نام ہے۔اسلام احمدی ہے اور احمدی اسلام ہے۔