ملفوظات (جلد 6) — Page 106
جواب۔دیکھو بٹالہ میں لوگ زندہ موجود ہیں اگر ان کو یہاں سے آواز دو تو کیا وہ کوئی جواب دیتا ہے پھر بغداد میں سید عبدالقادر جیلانی کی قبر پر جا کر آواز دوتو کوئی جواب نہیں آئے گا۔خدا تعالیٰ تو جواب دیتا ہے جیسا فرمایا اُدْعُوْنِيْٓ اَسْتَجِبْ لَكُمْ(المؤمن:۶۱) مگر قبروں والوں میں سے کون جواب دیتا ہے پھر کیوں ایسا فعل کرے جو توحید کے خلاف ہے۔سوال۳۔جب کہ یہ لوگ زندہ ہیں پھران کو مُردہ تو نہیں کہہ سکتے؟ جواب۔زندگی ایک الگ اَمر ہے اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ ہماری آواز بھی سن لیں۔یہ ہم مانتے ہیں کہ یہ لوگ خدا کے نزدیک زندہ ہیں مگر ہم نہیں مان سکتے کہ ان کو سماع کی قوت بھی ہے حاضر ناظر ہو ناایک الگ صفت ہے جو خدا ہی کو حاصل ہے دیکھو ہم بھی زندہ ہیں مگر لاہور یا امرتسر کی آوازیں نہیں سن سکتے۔خدا تعالیٰ کے شہید اور اولیاء اللہ بے شک خدا کے نزدیک زندہ ہوتے ہیں مگر ان کو حاضر ناظر نہیں کہہ سکتے۔دعاؤں کے سننے والا اور قدرت رکھنے والا خدا ہی ہے اس کو یقین کرنا یہی اسلام ہے جو اس کو چھوڑتا ہے وہ اسلام کو چھوڑتا ہے پھر کس قدر قابل شرم یہ اَمر ہے کہ یا شیخ عبدالقادر جیلانی تو کہتے ہیں یا محمد صلی اللہ علیہ وسلم، یا ابابکر، یا عمر نہیں کہتے البتہ یا علی کہنے والے ان کے بھائی موجود ہیں۔یہ شرک ہے کہ ایک تخصیص بِلاوجہ کی جاوے۔جب خدا کے سوا کسی چیز کی محبت بڑھ جاتی ہے تو پھر انسان صُمٌّ وَ بُكْمٌ ہو جاتا ہے جو اسلام کے خلاف ہے۔اسلام توحید کے لیے آیا ہے جب توحید کے خلاف چلے تو پھر مسلمان کیسا؟ تعجب کی بات ہے کہ جن لوگوں کو یہ خدا کا حصّہ دار بناتے ہیں خود ان کو بھی یہ مقام توحید ہی کے ماننے سے ملا تھا۔اگر وہ بھی ایسے ’’یا‘‘کہنے والے ہوتے تو ان کو یہ مقام ہرگز نہ ملتا بلکہ انہوں نے خدائے تعالیٰ کی اطاعت اختیار کی تب یہ رتبہ ان کو ملا۔یہ لوگ شیعوں اور عیسائیوں کی طرح ایک قسم کا شرک کرتے ہیں۔۱ سوال۔مُردوں کو کن کن باتوں کا ثواب پہنچتا ہے۔جواب۔حدیث سے ثابت ہے کہ طعام کا ثواب اور دعا کا بھی پہنچتا ہے قرآن شریف کی تلاوت