ملفوظات (جلد 3)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 355 of 594

ملفوظات (جلد 3) — Page 355

منشی محمد یوسف صاحب اپیل نویس مردان سے مخاطب ہو کر فرمایا کہ آپ ایک دینی جہاد کر رہے ہیں اﷲ تعالیٰ اسی کی جزادے گا۔۱ میں نے ایڈیٹر الحکم کو حکم دیا ہے کہ وہ سارا مباحثہ الحکم میں چھاپ دیں جو زائد کا پیاں آپ کو مطلوب ہوں ان سے لے لیں۔زائد اخراجات آپ کو برداشت نہ کرنے پڑیں گے اور ثواب بھی ہو گیا۔اور فرمایا کہ آپ دیکھتے ہیں کہ اﷲ تعالیٰ جلدی اس سلسلہ کو پھیلا رہا ہے اﷲ تعالیٰ نے چاہا ہے کہ اس سلسلہ کو دنیا میں پھیلائے۔ضمناً فرمایا۔کوئی درخت اتنی جلدی پھل نہیں لاتا جس قدر جلدی ہماری جماعت ترقی کر رہی ہے یہ خدا کا فعل ہے اور عجیب۔یہ خدا کا نشان اور اعجاز ہے۔مسیح ناصریؑ کے متعلق صحابہ کرامؓ کا عقیدہ فرمایا۔یہ صحیح نہیں ہے کہ صحابہؓ حضرت مسیح کی اس شان کے قائل تھے جو خدائی کے ناواقف مسلمانوں نے ان کی بنا رکھی ہے اگر وہ مسیح کو اسی شان سے مانتے کہ وہ حقیقی مُردے زندہ کرتے تھے اور حیّ وقیّوم تھے تو ایک بھی مسلمان نہ ہوتا اور اگر رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم سے بڑھ کر ان کی صفات کو یقین کرتے تو وہ اخلاص اور وفاداری ان میں پیدا نہ ہوتی۔حضرت مسیح علیہ السلام پر آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم کا احسان فرمایا۔