ملفوظات (جلد 3) — Page 154
ایک دم کے لیے بھی نہیں کہہ سکتا کہ میں زندہ رہوں گا لیکن ایک خاص تعداد سالوں تک کی خبر دے دینا کیا یہ انسانی طاقت کا کام ہے۔اور پھر میرے جیسے آدمی کے لیے تو یہ قیافہ سے بھی ممکن نہیں جس کو دوبیماریاں لگی ہوئی ہیں۔باوجود ان بیماریوں اور ضعفوں کے خدا تعالیٰ کا یہ وعدہ دینا کہ تیری اسّی۸۰ برس کے قریب عمر ہوگی کیسا عجیب ہے۔اور حقیقت میں خداہی کی طرف سے اس قسم کی خبر ہوسکتی ہے ورنہ عاجز انسان کچھ نہیںکہہ سکتا۔یہ پیشگوئی بھی پوری شدہ ہی سمجھ لیجیے کیونکہ بہت عرصہ اس پر گزر گیا ہے اور میری عمر اب ساٹھ سے متجاوز ہو چکی ہے۔۲۔ثُلَّۃٌ مِّنَ الْاٰخِرِيْنَ پھر ث ہی کی مدّمیں ایک اور پیشگوئی ہے جو اس سے بھی عجیب تر اور عظیم الشان ہے کہ خدا تعالیٰ نے فرمایا ہے ثُلَّةٌ مِّنَ الْاَوَّلِيْنَ وَ ثُلَّةٌ مِّنَ الْاٰخِرِيْنَ۔اس سے ایک عظیم الشان جماعت کے قائم کرنے کی خبر دیتا ہے۔جس وقت یہ پیشگوئی کی گئی تھی اس وقت ایک آدمی بھی ہم کو نہیں جانتا تھا اور کو ئی یہاں آتا جاتا نہ تھا۔براہین احمدیہ میں یہ الہام درج ہے لیکن اب دیکھ لو کہ ستر۷۰ ہزار سے زیادہ آدمی اس سلسلہ میں داخل ہو چکے ہیں اور دن بدن ترقی ہو رہی ہے۔خاص قادیان میں ایک کثیر جماعت موجود رہتی ہے۔پھر کیا یہ کوئی جھوٹ بات ہے۔یہ خدا کے کام ہیں اور لوگوں کی نظروں میں عجیب۔اور بھی ث کی مدّمیں پیشگو ئیاں ہیں مگر میں اس وقت صرف مثال کے طور پر ایک دو بیان کرتا ہوں۔(ج) جنازہ اسی طرح ج کی مد میں جنازہ کاالہام ہے۔جب ہمارے بڑے بھائی صاحب مرزا غلام قادر مرحوم فوت ہوئے توان کے مَرنے سے پہلے جنازہ کا الہام ہوا تھا۔۲۔جمال الدین اور اسی طرح جمال الدین کے متعلق بھی الہام ہواتھا۔خواجہ جمال الدین صاحب جب اپنے امتحان منصفی میں فیل ہوئے تو میں نے دعاکی الہام ہوا سَیُغْفَرُ لَہٗ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے اس سے بہتر ان کو جگہ دے دی۔