ملفوظات (جلد 3)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 150 of 594

ملفوظات (جلد 3) — Page 150

اَ بْنَاء پھر اسی طرح الف کی مد میں اَبناء کا نشان ہے۔کتابوں اور اشتہاروں کو پڑھو تو صاف معلوم ہوگا کہ ہر ایک کی پیدائش سے پہلے ایک اشتہار دیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ لڑکا پیدا ہوگا۔چنانچہ ان اشتہاروں کے موافق یہ لڑکے پیداہوئے ہیں اور پھر یہاں تک کہ تعداد بھی بتادی کہ چارلڑکے ہوں گے اور چوتھے لڑکے کی بابت یہ بھی اعلان کردیا گیا تھا کہ عبدالحق نہ مَرے گا جب تک چوتھالڑکا پیدا ہونے کی خبر نہ سُن لے۔ایسا ہی مولوی صاحب ( مولوی نور الدین صاحب) کے بیٹے کی بابت جب سعداللہ نے اعتراض کیا تو خدا تعالیٰ نے میری دعاؤں کے بعد مجھے بشارت دی کہ مولوی صاحب کے ہاں ایک لڑکا پیدا ہوگا۔یہاں تک کہ اس کے بدن پر پھوڑوں کے نشان کا بھی پتہ دیا گیا اور اس کا علاج بھی بتایا گیا۔اب کیا اشتہار پہلے سے نہیں دیاگیا تھا؟ اب دیکھ لو کہ اس اشتہار کے موافق وہ بچہ عبدالحی نام مولوی صاحب کے گھر میں پیدا ہوگیا اور اس کے پھوڑوں کے نشانات بھی ہیں۔یہ وہی خصوصیتیں ہیں جو انبیاء بنی اسرائیل کے وقت ہواکرتی ہیں۔۴۔اَلَیْسَ اللّٰہُ بِکَافٍ عَبْدَہٗ پھر اس کے ساتھ اَلَیْسَ اللّٰہُ بِکَافٍ عَبْدَہٗ کا نشان ہے۔یہ بہت پرانا الہام ہے اوراس وقت کا ہے جب کہ میرے والد صاحب مرحوم کا انتقال ہو ا۔میں لاہور گیا ہو ا تھا۔مرزا صاحب کی بیماری کی خبر جو مجھے لاہور پہنچی میں جمعہ کو یہاں آگیا تو دردِ گردہ کی شکا یت تھی۔پہلے بھی ہو اکرتا تھا اس وقت تخفیف تھی۔ہفتہ کے دن دوپہر کو حقہ پی رہے تھے اور ایک خدمت گار پنکھاکررہا تھا۔مجھے کہا کہ اب آرام کا وقت ہے تم جا کر آرا م کرو مَیں چوبارہ میں چلا گیا۔ایک خدمت گا ر جمال نام میرے پاؤں دبارہا تھا۔تھوڑی سی غنودگی کے ساتھ الہام ہو ا وَ السَّمَآءِ وَ الطَّارِقِ اور معاً اس کے ساتھ یہ تفہیم ہوئی۔اب میں نہیںکہہ سکتا کہ لفظ پہلے آئے یا تفہیم۔قسم ہے آسمان کی اور قسم ہے اس حادثہ کی جو غروبِ آفتاب کے بعد ہونے والا ہے۔گویا خدا تعالیٰ عزا پرسی کرتا ہے۔یہ ایک عجیب بات ہے جس کو ہر ایک نہیں سمجھ سکتا۔ایک مصیبت بھی آتی ہے اور خدا اس کی عزاپرسی بھی کرتا ہے چونکہ ایک نیا