مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 401 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 401

دقائق و حقائق تفاسیر قرآن شریف کا یا استجابت دعوات کا ہر باب میں اللہ تعالیٰ مخصوصاً آپ … کا ناصر و مولیٰ ہے اور دوسرے تمام صوفیؔ ،ملہمؔ، درویشؔ، محدثؔ، فقیہؔ،مقلّدؔ، غیرمقلدؔ، مخذول و مطرود ہیں اور کوئی ان کا مولیٰ نہیں۔چنانچہ اس غرض سے ’’فیصلہ آسمانی‘‘ اور دیگر متعدد کتابیں عربی زبان میں لکھیں اور ہر پہلو سے اپنے منکروں کو ملزم اور ساکت کیا۔کیا آپ پر یہ واجب الادادین نہیں کہ آپ اپنے دعویٰ ملہمیت کی قوت و استظہار سے اپنے تئیں تمام ہندیوں پنجابیوں اور غزنویوں کی طرف سے فدیہ ادا کرنے والا ثابت کریں۔مولوی صاحب قسم بخدائے لایزال آپ کے علماء اور آپ کے ملہمین مخذول و مہجور ٹھہر گئے ہیں اور اس وقت سب آپ کے منہ کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ آپ کب اس خوف ناک دھبہ کو دھونے کے لئے مردِ میدان بن کر نکلتے ہیں۔۲۔آپ لکھتے ہیں حضرت مرزا صاحب کی نسبت آپ کو الہام ہوا۔اِنَّ فِرْعَوْنَ وَ ھَامَانَ اور اسی رنگ کے بعض الہامات ابتدائی وقتوں میں بھی آپ نے بعض لوگوں کو لکھے ہیں۔افسوس اگر آپ تقویٰ و طہارت کو مدنظر رکھ کر غور کریں تو آپ پر کھل جائے کہ یہ سب الہامات ابتلا کے رنگ میں خود آپ اور آپ کے مثیلوں پر اُلٹ کر پڑتے ہیں۔اس لئے کہ حضرت مرزا صاحب اور ان کا قلیل گروہ تو اس وقت مستضعفین کی ایک جماعت ہے۔جو ہر طرح کے استہزاء لعن طعن اور تکفیر و تحقیر کا نشانہ بن رہے ہیں۔اور فرعون اور ہامان ان کے مخالفین ہیں جو رعونت نخوت تجبر اور تکبر سے انہیں استیصال و ہلاکت کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور درحقیقت اب تک فرعونی تعلّی اور استکبار کا کوئی دقیقہ تو اٹھا نہیں رکھا۔چنانچہ ان سب کے استاد کا اس مصری متکبر والا وہ فقرہ جو اس نے تھوڑا عرصہ ہوا۔اپنے رسالہ اشاعت السنہ میں لکھا تھا۔اس کے قدیمی مصری بزرگ کو بھی پیچھے ڈالتا ہے اور وہ یہ ہے کہ۔’’ہم ہی نے اس کو (مرزا صاحب کو) اونچا کیا تھا اور ہم ہی اس کو نیچے گرائیں گے‘‘۔اور درحقیقت جو لوگ مبعوث و مامور ہو کر دنیا میں آتے ہیں۔وہ تو ہمیشہ حسب عادت اللہ جناب موسیٰ و ھارون علیھما السلام کی طرح ضعیفوں اور متروکوں کے رنگ میں آتے ہیں۔فرعون و ہامان کا لقب ہمیشہ سے ان کے مخالفوں کو ملتا رہا ہے۔افسوس آپ نے کبھی اس امر میں غور نہ کی کہ جس قدر الہامات آپ کو اس بارہ میں ہو چکے ہیں وہ سب محتمل المعانی ہیں۔شاید وہ آپ کے لئے باریک ابتلا و امتحان کے رنگ میں ہوں