مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 651 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 651

مکتوب نمبر۲۷۷ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ محبی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آپ کا عنایت نامہ پہنچا۔حال یہ ہے کہ اب کی دفعہ میں نے پچاس روپیہ کا مشک منگوایا تھا۔اتفاقاً وہ سب کا سب ردّی اور مغشوش نکلا۔اس قدر روپیہ ضائع ہو گیا۔اس لئے میں نے آپ کی تحریر کے موافق مبلغ بارہ روپیہ قیمت چھ ماشہ مشک مولوی صاحب کے حوالہ کردی ہے۔اگر یہ قیمت کم ہوگی۔باقی دے دوں گا اور عنبر بھی۔مدت ہوئی کہ میں نے افریقہ سے منگوایا تھا۔وہ وقتاً فوقتاً خرچ ہوگیا۔میں نے اس قدر استعمال سے ایک ذرہ بھی اس کا فائدہ نہ دیکھا۔وہ اس ملک میں فی تولہ ایک سو روپیہ کی قیمت سے آتا ہے اور پھر بھی اچھا نہیں ملے گا۔ولایت میں عنبر کو محض ایک ردّی چیز سمجھتے ہیں اورصرف خوشبوئوں میں استعمال کرتے ہیں۔میرے تجربہ میں ہے کہ اس میں کوئی مفید خوبی نہیں۔اگر آپ نے دوا میںعنبر ڈالناہو۔تو بواپسی ڈاک مجھے اطلاع دیں۔تو عنبر ہی کے خرید کے لئے مبلغ پچاس روپیہ مولوی صاحب کے حوالہ کئے جائیںگے۔مگر جواب بواپسی ڈاک بھیج دیں۔باقی سب خیریت ہے۔والسلام خاکسار مرزا غلام احمد عفی اللہ عنہ