مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 54 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 54

مکتوب نمبر ۳۴ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم مولوی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آج رجسٹری شدہ خط کے روانہ کرنے کے بعد اخویم حکیم فضل دین صاحب کا خط جو بلف خط ہذا روانہ کیا جاتا ہے، آپ کی علالت طبع کے بارے میں پہنچا۔اس خط کو دیکھ کر نہایت تردّد ہوا۔اس لئے میں نے پختہ ارادہ کر لیا ہے کہ آپ کی عیادت کیلئے آؤں اور میں خدا تعالیٰ سے چاہتا ہوں کہ آپ کو من کُل الوجوہ تندرست دیکھوں۔۔۱؎ سو ہفتہ کے دن یعنی ساتویں تاریخ جنوری ۱۸۸۸ء میں روانہ ہونے کا ارادہ ہے۔آگے اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے۔سو اگر ہفتہ کے دن روانہ ہوئے تو انشاء اللہ اتوار کے دن کسی وقت پہنچ جائیں گے۔اطلاع دہی کیلئے لکھا گیا ہے۔والسلام خاکسار پنجم جنوری ۱۸۸۸ء روز پنجشنبہ غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپور