مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 562
مکتوب نمبر ۱۵۶ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ کارڈ پہنچا۔جہاں تک مجھے معلوم ہے۔غلام احمد نام کوئی شخص امرتسر میں مالک مطبع نہیں ہے۔شاید کوئی نیا آگیا ہو۔ہاں شیخ نور احمد صاحب نام ایک صاحب مالک مطبع ہیں۔مجھے آپ مفصل لکھیں کہ غلام احمد مالک مطبع امرتسر میں کون ہے۔کس پتہ سے اس کوخط بھیجا جائے اور یہ بھی لکھیں کہ کیا اس نے قبول کر لیا ہے کہ تین روپیہ لوں گا۔کیا اسی میں کاغذ اور کاپی نویس کی اجرت داخل ہے۔مجھے تو یہ بات سمجھ نہیں آتی۔والسلام ۸؍ جون ۱۸۸۹ء خاکسار غلام احمد از قادیان مکتوب نمبر ۱۵۷ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب ڈپٹی انسپکٹر سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔پہلے بھی بذریعہ ایک خط کے آپ کو اطلاع دی گئی تھی کہ میری نظر میں غلام احمد نام کوئی صاحب مطبع نہیں ہے اورنہ آپ نے کچھ پتہ لکھا کہ اس شخص کا مطبع کس کٹڑہ میں ہے۔جب تک پتہ نہ ہو۔مضمون ارسال نہیں ہو سکتا۔براہ مہربانی بہت جلد پتہ بھیج دیں۔اخویم مولوی حکیم نورالدین صاحب کی تشریف آوری کی آج کل امید لگی ہوئی ہے۔جس وقت تشریف لائے۔خط دے دوں گا۔آپ کی تبدیلی اگر نزدیک ہو جائے تو بظاہر تو اچھا معلوم ہوتا ہے۔اللہ تعالیٰ حافظ ہے۔والسلام خاکسار ۱۳؍ جون ۱۸۸۹ء غلام احمداز قادیان