مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 563
مکتوب نمبر ۱۵۸ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔آج اس عاجز نے جناب الٰہی میں آپ کے لئے اس طور سے دعا کی ہے کہ یاالٰہی! اگر جالندھر کی تبدیلی موجب بہتری ہے اور موجب خیر اورفضل کا ہو تو اپنے لطف و کرم سے دعا قبول فرماکر اپنے بندہ رستم علی کو اس جگہ پہنچا دے اور اگر اس میں مصلحت نہ ہو تو مشکلات سے نکال کر ایسی جگہ مرحمت فرما جو موجب برکت و خوشی دنیا و دین ہو۔کہ تو ہر چیز پر قادر ہے۔والسلام ۱۶؍ جون ۱۸۸۹ء خاکسار غلام احمدعفی عنہ مکتوب نمبر ۱۵۹ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔میںافسوس سے لکھتا ہوں کہ اس قسم کی طرح طرح کی مجبوریاں پیش آرہی ہیں۔کہ میں آپ کے عزیز کی تقریب شادی پر حاضر نہیں ہو سکتا اور مولوی صاحب غالباً کل یا پرسوں تک بحصول رخصت جموں سے لودھیانہ کی طرف تشریف لاویںگے اور قادیان میں آئیں گے۔مگر میرے خیال میں ایسا ہے کہ وہ ۲۷؍ جون سے پہلے ہی تشریف لے جائیںگے۔پس مشکل ہے کہ وہ بھی اس تقریب پر حاضر ہو سکیں۔اللہ تعالیٰ آپ کی ہمت میں برکت بخشے اورکامیاب کرے۔آمین ثم آمین۔خاکسار ۲۱؍ جون ۱۸۸۹ء غلام احمد عفی عنہ