مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 514
مکتوب نمبر۸۲ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔بعد سلام مسنون۔آپ کا عنایت نامہ پہنچا۔مگر پان نہیں پہنچے۔حتی المقد ور آپ ایسا بندوبست کریں کہ پان دوسرے چوتھے روز بآسانی پہنچ جایا کریں اور اب جہاں تک ممکن ہو پان جلدی پہنچاویں اور دوبارہ آپ کو تاکیداً لکھتا ہوں کہ آپ بڑی جدوجہد سے ڈیڑھ من خام روغن زرد عمدہ جمعہ تک پہنچاویں اور تیس روپیہ نقد ارسال فرماویں اور شاید قریباً یہ پنتالیس یا چالیس روپیہ ہوں گے آپ اس میں جہاں تک ہو سکے بڑی کوشش کریں اور عقیقہ کی ضیافت کے لئے تین بوتل عمدہ چٹنی کی اور بیس ثار آلو پختہ اور چار ثار اربی پختہ اور کسی قدر میتھی و پالک وغیرہ ترکاری اگر مل سکے ضرور ارسال فرماویں۔یہ بڑا بھارا اہتمام عقیقہ کا میں نے آپ کے ذمہ ڈال دیا ہے۔بہتر ہے کہ آپ تین روز کی رخصت لے کر معہ ان سب چیزوں کے جمعہ کی شام تک قادیان میں پہنچ جائیں کیونکہ ہفتہ کے دن عقیقہ ہے۔اگر چوہدری محمدبخش صاحب کو بھی ساتھ لاویں تو بہت خوشی کی بات ہے۔مگر آپ تو بہرصورت آویں۔اور اوّل تو چار روز کی ورنہ تین دن کی ضرور رخصت لے آویں۔میں نے سندرداس کیلئے بہت دفعہ دعا کی ہے اور نیز جہاں تک مجھے وقت ملا۔مولوی مراد علی صاحب کے لئے بھی۔اگر مولوی مراد علی صاحب بھی اس تقریب پر تشریف لاویں توعین خوشی ہے۔والسلام خاکسار غلام احمدعفی عنہ