مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 515
نوٹ: اس خط پر تاریخ درج نہیں مگر سلسلہ بتاتا ہے کہ اگست ۱۸۸۷ء کاخط ہے مولوی مراد علی صاحب جالندھری مشہور آدمی تھے۔(عرفانی) خ خ خ مکتوب نمبر۸۳ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ اس سے پہلے روغن زرد کے لئے آپ کی خدمت میں لکھا گیا تھا۔اسی وجہ سے اس جگہ کچھ بندوبست نہیں کیا گیا۔لیکن دل میں اندیشہ ہے کہ شاید وہ خط نہ پہنچا ہو۔کیونکہ آپ کی طرف سے کوئی اطلاع نہیں آئی کہ خریدا گیایا نہیں۔اور وقت ضرورت روغن کابہت ہی قریب آگیا ہے اور روغن کم سے کم ڈیڑھ من خام چاہئے اوراگر دو من خام ہو تو بہتر ہے۔کیونکہ خرچ بہت ہو گا۔چونکہ یہ کام تمام آپ کے ذمہ ڈال دیا گیا ہے اس لئے آپ ہی کو اس کافکر واجب ہے۔اگر خدانخواستہ وہ خط نہ پہنچا ہو تو اس جگہ ایسی جلدی سے بندوبست ہونا محال وغیر ممکن ہے۔اس صورت میں لازم ہے کہ آپ دو من خام روغن امرتسر سے خرید کر کے ساتھ لاویں۔خواہ کیسا ہی آپ کا حرج ہو، اس میں تساہل نہ فرماویں۔اور مناسب ہے کہ چوہدری محمدبخش صاحب بھی ساتھ آویں اور دوسرے جس قدر آپ کے احباب ہوں یا ایسے صاحب ہوں جو بخوشی خاطر اس موقعہ پر آ سکتے ہوں، ان کو بھی ساتھ لے آویں اورسب باتیںآپ کو معلوم ہیں، اعادہ کی حاجت نہیں۔والسلام خاکسار غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپور