مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 408 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 408

مکتوب نمبر ۷۹ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ پہنچا۔اس بات کے سننے سے بہت خوشی ہوئی کہ آپ عنقریب تشریف لانا چاہتے ہیں۔اس مسرت کااندازہ نہیں ہو سکتا۔اس ناپائیدار دنیا میں بڑا ہی خدا تعالیٰ کافضل سمجھنا چاہئے کہ جدائی کے بعد پھر ملاقات ہو۔میں دن رات کوشش کر رہا ہوں کہ جلد تر کتاب تریاق القلوب کو ختم کروں۔شاید ایک ماہ تک ختم ہو جائے۔اشتہار ۴؍ اکتوبر ۱۸۹۹ء آپ کی خدمت میں پہنچ گیا ہو گا۔جس میں ضمیمہ جلسۃالوداع بھی ہے۔خدا تعالیٰ اپنا فضل شامل حال رکھے اور جلد تر خیرو عافیت سے آپ کو ملادے۔نہایت خوشی بلکہ بے اندازہ خوشی ہوئی کہ آپ کے تشریف لانے کی بشارت سنی۔جزاکم اللّٰہ خیراً۔والسلام ۱۸؍ اکتوبر ۱۸۹۹ء خاکسار مرزا غلام احمد مکتوب نمبر ۸۰ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ پہنچا آپ بکلّی مطمئن رہیں۔آپ کے لئے اس قدر دعا کی گئی ہے کہ جو دنیا میں ایک بڑے خوش نصیب کے لئے ہو سکتی ہے۔خدا وند عزّوجل غفور رحیم ہے۔اس کی درگاہ سے بڑی امیدیں ہیں لیکن ضرور ہے کہ درمیان میں کچھ تشویش لاحق حال ہو۔جب تک خدا تعالیٰ کا وہ مقرر کردہ دن آجاوے اس لئے بڑے استقلال اور قوت اورمردانگی سے ایسی تشویش کامقابلہ کرنا چاہئے۔انسان دنیا طلبی کی حالت میں ضرور ہے کہ دل کا کمزور ہوتا ہے اور حقیقت میں جس قدر خدا تعالیٰ پر ایمان کمزور ہوتا ہے اسی قدر دل کو مصائب پیش آمدہ کے صدمہ پہنچتا ہے اور اسی قدر نا امیدی طاری ہوتی ہے۔سو ایسا نہیں کرنا چاہئے۔آپ کے لئے خدا تعالیٰ نے مبشر الہام صادر فرمایا